لانگ مارچ ہو یا شارٹ مارچ، دہشت گردی کے خاتمے پر بات کرنا ہوگی، طلال چوہدری

سیاست کو ایک طرف رکھ کر تمام سیاسی قوتوں کو دہشت گردی کے خلاف متحد ہونا چاہیے۔

October 17, 2026 · قومی
لانگ مارچ ہو یا شارٹ مارچ، دہشت گردی کے خاتمے پر بات کرنا ہوگی، طلال چوہدری

لانگ مارچ ہو یا شارٹ مارچ، دہشت گردی کے خاتمے پر بات کرنا ہوگی، طلال چوہدری

جڑانوالہ: وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے کہا ہے کہ سیاسی جماعتیں لانگ مارچ کریں یا شارٹ مارچ، حکومت کو اس پر اعتراض نہیں، تاہم ملک میں دہشت گردی کے خاتمے کے لیے بھی بات چیت ضروری ہے۔ سیاست کو ایک طرف رکھ کر تمام سیاسی قوتوں کو دہشت گردی کے خلاف متحد ہونا چاہیے۔

جڑانوالہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے طلال چوہدری نے کہا کہ حکومت نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو لانگ مارچ کرنے سے نہیں روکا، لیکن سیاسی سرگرمیوں کے ساتھ دہشت گردی جیسے سنگین مسئلے پر بھی توجہ دینا ہوگی۔ ان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف سمیت تمام سیاسی جماعتوں کو ملک میں امن و امان کے قیام اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔

وزیر مملکت نے کہا کہ تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی)، بلوچستان لبریشن آرمی (بی ایل اے) یا افغانستان سے ہونے والی دہشت گردی، ہر قسم کی دہشت گردی قابل مذمت ہے۔ ان کے مطابق دہشت گردی کی نوعیت یا اس میں ملوث گروہ سے قطع نظر، اس کی مذمت کی جانی چاہیے اور اس معاملے پر کسی قسم کی تفریق نہیں ہونی چاہیے۔

طلال چوہدری نے دعویٰ کیا کہ ماضی میں مختلف سیاسی جماعتوں کو دہشت گرد حملوں کا سامنا کرنا پڑا، تاہم ان کے بقول پی ٹی آئی کے کسی رہنما یا اجتماع پر اس نوعیت کا کوئی حملہ نہیں ہوا۔ انہوں نے بانی پی ٹی آئی کے حوالے سے بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے پاکستان میں کالعدم ٹی ٹی پی کا دفتر کھولنے کی بات کی تھی۔

وزیر مملکت برائے داخلہ نے مزید کہا کہ کالعدم ٹی ٹی پی کی جانب سے گورنر راج کے خلاف اور پی ٹی آئی کی حمایت میں پریس ریلیز جاری کی گئی۔ ان کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا میں گورنر راج کا مقصد دہشت گردی کا خاتمہ اور امن و امان کی صورت حال کو بہتر بنانا ہے۔

طلال چوہدری نے واضح کیا کہ ریاستی ادارے دہشت گرد تنظیموں کا ساتھ دینے والے عناصر سے قانون کے مطابق نمٹیں گے۔ انہوں نے سیاسی جماعتوں پر زور دیا کہ وہ باہمی اختلافات سے بالاتر ہو کر دہشت گردی کے خلاف مشترکہ مؤقف اختیار کریں، کیونکہ ملک میں پائیدار امن کا قیام قومی ذمہ داری ہے۔