فیصل آباد میں کار چوروں کی فائرنگ سے صنعتکار جاں بحق
ملزمان نے چناب کلب کے باہر سے میاں ریحان کی گاڑی چوری کی اور تعاقب کیے جانے پر ان پر فائرنگ کردی، پولیس
فائل فوٹو
فیصل آباد:پنجاب کے شہر فیصل آباد کے جڑانوالہ روڈ پر مبینہ کار چوروں کی فائرنگ سے صنعتکار جاں بحق ہوگئے۔
اطلاعات کے مطابق میاں ریحان اشرف نے گاڑی میں نصب ٹریکر کی مدد سے ملزمان کا تعاقب کیا۔ وہ جڑانوالہ روڈ پر بندو خان کے قریب پہنچے تو ملزمان نے ان پر فائرنگ کردی۔ گردن پر گولی لگنے کے باعث وہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے، جبکہ ملزمان گاڑی سمیت فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
حکام کا کہنا تھا کہ فائرنگ کے نتیجے میں صنعت کار میاں ریحان موقع پر ہی دم توڑ گئے جب کہ ملزمان واردات کے بعد گاڑی چھوڑ کر فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
واقعے کے بعد پولیس نے گاڑی چوری اور قتل کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کرلیا ہے۔
تفتیشی حکام کا مزید کہنا تھا کہ واقعے کی مزید تحقیقات کی جا رہی ہیں اور ملزمان کی گرفتاری کے لیے خصوصی ٹیم تشکیل دے دی گئی۔