سعودی عرب: نجران میں گرنے والے نامعلوم پروجیکٹائل سے 6 افراد زخمی
حکام نے فی الحال یہ نہیں بتایا کہ گرنے والا پروجیکٹائل کس نوعیت کا تھا اور کہاں سے داغا گیا تھا
ریاض : سعودی عرب کے جنوب مغربی شہر نجران میں ایک پروجیکٹائل گرنے کے نتیجے میں کم از کم چھ افراد زخمی ہو گئے ہیں۔ سعودی سول ڈیفنس ایجنسی کے مطابق واقعے میں تین رہائشی مکانات اور تین گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا ہے۔
یہ واقعہ ایسے وقت پیش آیا ہے جب اس سے قبل سعودی عرب کے جنوب میں واقع نجران صوبے کے لیے نیشنل ارلی وارننگ پلیٹ فارم نے ممکنہ خطرے کے حوالے سے انتباہ جاری کیا تھا۔
حکام نے فی الحال یہ نہیں بتایا کہ گرنے والا پروجیکٹائل کس نوعیت کا تھا اور کہاں سے داغا گیا تھا، البتہ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔
نجران سعودی عرب کے جنوبی سرحدی علاقوں میں واقع ہے اور ماضی میں بھی سرحد پار حملوں اور سکیورٹی خدشات کے باعث خبروں میں رہا ہے۔