کسٹمز حیدرآباد کی انسدادِ اسمگلنگ کارروائیاں،تین آئل ٹینکرز تحویل میں لے لیے
اوگرا کی ٹریکنگ ایپ کےذریعے مشکوک نقل و حرکت پکڑی گئی، دستاویزات میں بےضابطگیاں سامنے آگئیں
پاکستان کسٹمز حیدرآباد کی کارروائی، تقریباً 20 ہزار لیٹر پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل لے جانے والے تین آئل ٹینکرز تحویل میں لے لیے۔
کسٹمز حکام کے مطابق اوگرا کے پورٹل پر ٹینکرز کا ٹریکنگ ریکارڈ دستیاب نہ ہونے پر کارروائی کی گئی۔ جانچ پڑتال کے دوران پیٹرولیم مصنوعات کی ترسیل میں بلاجواز تاخیر، سیل ٹوٹنے یا ٹیمپر ہونے اور دستاویزات میں بے ضابطگیوں کی نشاندہی بھی ہوئی۔
حکام کا کہنا ہے کہ ڈیلیوری انوائسز پر درج وصول کنندگان اور پیٹرولیم مصنوعات اتارنے کے اصل مقامات میں بھی عدم مطابقت سامنے آئی۔
پاکستان کسٹمز کے مطابق ڈیجیٹل نگرانی کے ذریعے مشکوک نقل و حرکت کی نشاندہی اور پیٹرولیم مصنوعات کی ترسیل کی تصدیق کی جارہی ہے۔ اوگرا کی ٹریکنگ ایپ فیلڈ نگرانی بہتر بنانے اور پیٹرولیم مصنوعات کی غیر قانونی نقل و حرکت روکنے میں معاون ثابت ہورہی ہے۔
کسٹمز حکام کا کہنا ہے کہ تحویل میں لیے گئے آئل ٹینکرز اور پیٹرولیم مصنوعات کی تصدیق اور مزید قانونی کارروائی قانون کے مطابق جاری رہے گی، جبکہ اسمگلنگ کے خاتمے، قانونی سپلائی چین کے تحفظ اور متعلقہ قوانین پر عمل درآمد یقینی بنانے کیلئے اقدامات جاری ہیں۔