فیکٹ چیک؛راولپنڈی کرکٹ میچ کے دوران پاک فوج کے افسر کی ہارٹ اٹیک سے موت کا دعویٰ غلط قرار

وزارتِ اطلاعات کی وضاحت،واقعے کو کرکٹ میچ سےجوڑنے کی خبروں کو گمراہ کن قرار دےدیا گیا

October 19, 2026 · قومی

وزارتِ اطلاعات و نشریات کے فیکٹ چیک کے مطابق راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں پاکستان اور سری لنکا کے جاری کرکٹ میچ کے دوران پاک فوج کے ایک افسر کی ہارٹ اٹیک سے موت کا دعویٰ گمراہ کن ہے۔

وزارتِ اطلاعات کے مطابق مذکورہ شخص پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کا ملازم تھا، پاک فوج کا افسر نہیں تھا۔ وہ میچ کے دوران اسٹیڈیم میں موجود نہیں تھا اور نہ ہی اس کا ایونٹ سے کوئی تعلق تھا۔

فیکٹ چیک میں بتایا گیا کہ مذکورہ شخص کو بجلی کا کرنٹ لگا، جس کے بعد اس کے اہلخانہ نے ریسکیو 1122 سے رابطہ کیا اور اسے مقامی اسپتال منتقل کیا گیا۔

وزارتِ اطلاعات کے مطابق اسپتال کے ریکارڈ میں موت کی وجہ بجلی کا کرنٹ لگنا (الیکٹروکیشن) درج کی گئی ہے۔ واقعے کی مزید انکوائری مقررہ طریقہ کار کے مطابق جاری رہے گی۔

وزارتِ اطلاعات نے واضح کیا کہ اس طبی ہنگامی صورتحال کو کرکٹ میچ سے جوڑنا گمراہ کن ہے۔ پی سی بی میں ملازمت ہونے کا مطلب یہ نہیں کہ واقعے کا جاری میچ سے کوئی تعلق تھا۔

وزارتِ اطلاعات و نشریات نے عوام سے اپیل کی ہے کہ گمراہ کن دعوے شیئر کرنے سے پہلے حقائق کی تصدیق کریں۔