بجلی چوری والے علاقوں میں ٹرانسفارمرز بند کرنے کے لیے ای پی ایم ایس نصب کیا جا رہا ہے،وزیر توانائی
بجلی چوروں کو ریلیف نہیں ملے گا،ڈی جی خان ایئرپورٹ کی توسیع جنوری2028 تک مکمل ہوگی
وزیر توانائی اویس لغاری کا کہنا ہے کہ بجلی چوری والے علاقوں میں ٹرانسفارمرز بند کرنے کے لیے ای پی ایم ایس نصب کیا جا رہا ہے، بجلی چوری کرنے اور بل ادا نہ کرنے والوں کو ریلیف نہیں ملے گا۔ فائل فوٹو
وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری نے کہا ہے کہ بجلی چوری والے علاقوں میں ٹرانسفارمرز بند کرنے کے لیے الیکٹرانک پاور مانیٹرنگ سسٹم (ای پی ایم ایس) نصب کیا جا رہا ہے، جس کے ذریعے متعلقہ ٹرانسفارمرز بند کیے جائیں گے۔
ڈی جی خان ایئرپورٹ کے توسیعی منصوبے کے دورے کے دوران گفتگو کرتے ہوئے اویس لغاری نے کہا کہ ایئرپورٹ کو بین الاقوامی پروازوں کے لیے اپ گریڈ کیا جا رہا ہے۔ منصوبہ ساڑھے 5 ارب روپے کی لاگت سے جنوری 2028 میں مکمل ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ ڈی جی خان میں وزیراعظم کے اعلان کردہ چار بڑے ترقیاتی منصوبوں پر کام جاری ہے، جن میں کینسر اسپتال، سیوریج اور سڑکوں کی کشادگی کے منصوبے بھی شامل ہیں۔
وفاقی وزیر توانائی کا کہنا تھا کہ ملک بھر میں بجلی کی لوڈشیڈنگ طے شدہ منصوبے کے مطابق کی جا رہی ہے، جبکہ 30 فیصد یا اس سے زائد لائن لاسز والے فیڈرز پر لوڈشیڈنگ جاری رہے گی۔
اویس لغاری نے کہا کہ صارفین کو بھاری بھرکم بلوں سے بچایا گیا ہے، تاہم بجلی چوری کرنے اور بل ادا نہ کرنے والوں کو ریلیف نہیں دیا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایران اور امریکا کے درمیان جنگ کے باعث گیس کی قلت سے بجلی کی پیداوار مہنگی ہو رہی ہے۔
وفاقی وزیر کے مطابق ای پی ایم ایس کے نفاذ سے بجلی چوری والے علاقوں میں متعلقہ ٹرانسفارمرز بند کیے جائیں گے، تاہم اس اقدام سے متعلقہ فیڈر کے دیگر صارفین متاثر نہیں ہوں گے۔