کراچی: گتے کی فیکٹری میں آگ پر قابو نہ پایا جاسکا ،آگ تیسرے درجے کی قرار
آگ دوپہر 1 بج کر 40 منٹ پر لگی تھی، فوری طور پر فیکٹری کے عملے کو نکال لیا گیا تھا ، فائر بریگیڈ حکام
کراچی: سائٹ فیکٹری میں لگی آگ پر 5 گھنٹے بعد بھی قابو نہیں پایا جاسکا ہے، آگ کو تیسرے درجے کی قرار دیا گیا ہے۔
فائر بریگیڈ حکام کے مطابق فیکٹری میں آگ دوپہر 1 بج کر 40 منٹ پر لگی تھی، فوری طور پر فیکٹری کے عملے کو نکال لیا گیا تھا۔
حکام کے مطابق آگ فیکٹری کی دوسری منزل پر لگی تھی، جس نے تیسری منزل کو بھی لپیٹ میں لے لیا۔
فائر بریگیڈ حکام کے مطابق 11 فائر ٹیندر، 2 اسنارکل اور 2 واٹر باوزر آگ بجھانے کے عمل میں شریک ہیں، آتشزدگی کے واقعے تاحال کوئی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ہے۔
فائر بریگیڈ حکام کے مطابق فیکٹری کی بالائی منزل کی دیواریں گرنے کا خدشہ ہے، دراڑیں پڑ گئی ہیں، پانی کی کمی کے باعث فائر فائٹرز کو مشکلات کا سامنا ہے۔
فائر بریگیڈ حکام کے مطابق متاثرہ فیکٹری کے ایک حصے میں 10 روز قبل بھی آگ لگی تھی، بالائی منزل پر لکڑی، دھاگا، گارمنٹس، فوم پلاسٹک اور دیگر سامان موجود ہے۔
فائر بریگیڈ حکام کے مطابق متاثرہ فیکڑی میں پلاسٹک دانہ بڑی مقدار میں موجود ہے، پلاسٹک دانہ آگ کی شدت کا باعث بن رہا ہے، آگ پرقابو پانے کے لیے پانی اور فوم کا استعمال کیا جارہا ہے۔