2026ء میں 14.6 ٹریلین روپے کے سرکاری اثاثے بازیاب کرا ئے ، چیئرمین نیب
پاکستان ریلویز کی 6.78 ٹریلین روپے مالیت کی 235,622 کنال اراضی واگزار کرائی گئی ، میڈیا بریفنگ
فائل فوٹو
اسلام آباد: قومی احتساب بیورو (نیب) نے سرکاری اثاثوں کے تحفظ اور ان کی بازیابی میں تاریخی پیش رفت کرتے ہوئے رواں سال 2026ء کے دوران اب تک 14.6 ٹریلین روپے مالیت کے سرکاری اثاثے اور اراضی واگزار کرا لی ہے۔ چیئرمین نیب اور سیکریٹری ریلویز نے مشترکہ میڈیا بریفنگ کے دوران ادارے کی اہم کامیابیوں کی تفصیلا ت جاری کیں۔
میڈیا بریفنگ میں بتایا گیا کہ نیب نے 2026ء کی تیسری سہ ماہی میں 9.18 ٹریلین روپے مالیت کی اراضی و دیگر اثاثے بازیاب کیے،جو سال کی پہلی دو سہ ماہیوں کے مقابلے میں تقریباً 70 فیصد زیادہ ریکوری ہے۔ اس کے علاوہ نیب نے اسی سہ ماہی کے دوران مختلف اسکیموں کے 4,280 متاثرین کو 908.42 ملین روپے بھی منتقل کیے ہیں۔
نیب کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق نیب کی کارروائیوں کے نتیجے میں پاکستان ریلویز کی 6.78 ٹریلین روپے مالیت کی 235,622 کنال اراضی واگزار کرائی گئی۔
مختلف صوبائی محکموں کی 866,299 ایکڑ اراضی بازیاب کرائی گئی، جس کی مجموعی مالیت 2.395 ٹریلین روپے بنتی ہے۔
نیب سکھر نے پاکستان ریلویز کی 5.06 ٹریلین روپے مالیت کی قیمتی اراضی واگزار کرائی۔نیب ملتان نے پاکستان ریلویز کی 1.56 ٹریلین روپے مالیت کی 49,426 کنال اراضی بازیاب کی۔
نیب لاہور نے 563.07 ارب روپے مالیت کی صوبائی اراضی اور 156.10 ارب روپے مالیت کی ریلوے اراضی بازیاب کرائی۔نیب بلوچستان نے محکمہ جنگلات کی 811,967 ایکڑ اراضی واگزار کرانے میں کامیابی حاصل کی۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ ادارہ جاتی اصلاحات اور جدید ٹیکنالوجی کے مؤثر استعمال کے سلسلے میں نیب نے مصنوعی ذہانت پر مبنی جدید ترین تحقیقاتی نظام ’’نیب آئی باقاعدہ متعارف کرا دیا ہے، جس سے کیسز کی شفاف اور جلد تحقیقات میں مدد ملے گی۔
مزید برآں افسران کی پیشہ ورانہ تربیت اور استعدادِ کار میں اضافے کے لیے پاکستان اینٹی کرپشن اکیڈمی (PACA) کے تحت تیسری سہ ماہی میں تین خصوصی کورسز، ایک ورکشاپ، ایک لرننگ پروگرام اور پروموشنل کورسز کا انعقاد بھی کیا گیا۔