اسحاق ڈار کی تاجک صدر سے ملاقات، علاقائی تعاون بڑھانے پر زور

اجلاس میں چین، روس، بھارت اور دیگر رکن ممالک کے وزرائے اعظم اور اعلیٰ سطحی وفود شریک ہیں

October 20, 2026 · قومی
اسحاق ڈار کی تاجک صدر سے ملاقات، علاقائی تعاون بڑھانے پر زور

اسحاق ڈار کی تاجک صدر سے ملاقات، علاقائی تعاون بڑھانے پر زور

نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے تاجکستان کے صدر امام علی رحمان سے ملاقات کی، جس میں علاقائی اقتصادی تعاون، روابط کے فروغ اور مشترکہ خوشحالی کے لیے کوششیں تیز کرنے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق اسحاق ڈار نے شنگھائی تعاون تنظیم کے رکن ممالک کے حکومتی وفود کے سربراہان کے ہمراہ تاجک صدر سے ملاقات میں شرکت کی۔ اس موقع پر امام علی رحمان نے مختلف ممالک سے آئے وفود کا خیرمقدم کیا۔

ملاقات میں اس بات پر زور دیا گیا کہ شنگھائی تعاون تنظیم کے پلیٹ فارم کو استعمال کرتے ہوئے رکن ممالک کے درمیان اقتصادی روابط مضبوط بنائے جائیں اور خطے میں استحکام، تعاون اور مشترکہ ترقی کے لیے اقدامات کیے جائیں۔

تاجکستان کے وزیراعظم قاہر رسول زادہ کی دعوت پر ہونے والے اجلاس میں چین، روس، بھارت اور دیگر رکن ممالک کے وزرائے اعظم اور اعلیٰ سطحی وفود شریک ہیں۔ ایران کے سینیئر نائب صدر ڈاکٹر محمد رضا عارف بھی اجلاس میں شرکت کر رہے ہیں۔

اجلاس کے دوران رکن ممالک کے درمیان تجارت، اقتصادی تعاون، علاقائی سلامتی اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر بھی تبادلہ خیال کیا جا رہا ہے۔