وزیراعظم دہشت گردی کے خلاف تمام سیاسی جماعتوں سے مذاکرات کے لیے تیار ہیں،رانا ثنا اللہ

خیبر پختونخوا میں دہشت گردی کی صورتحال کے دوران صوبائی حکومت کی جانب سے مطلوبہ تعاون نہیں مل رہا تھا

October 20, 2026 · قومی
وزیراعظم دہشت گردی کے خلاف تمام سیاسی جماعتوں سے مذاکرات کے لیے تیار ہیں،رانا ثنا اللہ

وزیراعظم دہشت گردی کے خلاف تمام سیاسی جماعتوں سے مذاکرات کے لیے تیار ہیں،رانا ثنا اللہ

اسلام آباد: وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور سینیٹر رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف دہشت گردی کے مسئلے پر تمام سیاسی جماعتوں کے ساتھ بیٹھ کر بات چیت کرنے کے لیے تیار ہیں۔

سینیٹ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے تمام سیاسی جماعتوں کو دعوت دی کہ وہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے مل بیٹھیں اور مشترکہ حکمت عملی تیار کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم آج بھی اس معاملے پر تمام جماعتوں سے بات کرنے کے لیے تیار ہیں۔

رانا ثنا اللہ کے مطابق خیبر پختونخوا میں دہشت گردی کی صورتحال کے دوران صوبائی حکومت کی جانب سے مطلوبہ تعاون نہیں مل رہا تھا، جبکہ بلوچستان میں صوبائی حکومت وفاق کے ساتھ مکمل تعاون کر رہی ہے۔

انہوں نے قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف محمود خان اچکزئی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ وہ اسپیکر قومی اسمبلی کے دستخط سے اپوزیشن لیڈر منتخب ہوئے ہیں، تاہم ان کے بقول اچکزئی اسپیکر چیمبر جانے کے لیے تیار نہیں۔ رانا ثنا اللہ نے دعویٰ کیا کہ انہوں نے خود بھی اچکزئی سے ملاقات کرکے انہیں وزیراعظم کے ساتھ بیٹھ کر بات کرنے کا مشورہ دیا۔

وزیراعظم کے مشیر نے کہا کہ اپیکس کمیٹی کے اجلاسوں میں اپوزیشن کے بعض رہنما شریک نہیں ہوتے، حالانکہ ان اجلاسوں میں اہم قومی معاملات پر کھل کر گفتگو کی جا سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک اس وقت دہشت گردی کے خلاف جنگ لڑ رہا ہے اور حال ہی میں ایک فوجی افسر کی شہادت بھی ہوئی ہے۔

رانا ثنا اللہ نے مزید الزام عائد کیا کہ بعض ملاقاتوں کے دوران بدزبانی کرنے والے افراد ریاستی اداروں کے خلاف بیانیہ بناتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ملاقاتوں سے متعلق قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی پر پابندیاں عائد کی جا سکتی ہیں۔ انہوں نے بانی پاکستان تحریک انصاف کے حوالے سے بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ کبھی عدالتوں اور کبھی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ذریعے رہائی کی کوششوں کی بات کی جاتی ہے۔