شہیخوپورہ: مالکن کے مبینہ تشدد سے 12 سالہ گھریلو ملازمہ جاں بحق، ملزم گرفتار

گھر کی مالکن نے ڈنڈوں اور سوٹوں سے تشدد کرکے ان کی بچی کو مار دیا، اہل خانہ

October 21, 2026 · قومی
فائل فوٹو

فائل فوٹو

شہیخوپورہ: خالد روڈ پر گھر کی مالکن کے مبینہ تشدد سے 12 سالہ گھریلو ملازمہ زینب جاں بحق ہوگئی، پولیس نے رفاقت نامی ملزم کو گرفتار کر لیا۔

اہل خانہ کے مطابق کمسن گھریلو ملازمہ زینب رفاقت نامی شخص کے گھر کام کرتی تھی اور گزشتہ ڈیڑھ سال سے وہاں ملازمت کر رہی تھی، گھر کی مالکن نے ڈنڈوں اور سوٹوں سے تشدد کرکے ان کی بچی کو مار دیا۔

پولیس کے مطابق زینب کی لاش پوسٹ مارٹم کے لیے ہسپتال منتقل کر دی گئی ہے جبکہ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔

9 سالہ گھریلو ملازمہ پر مبینہ بہیمانہ تشدد، بازو توڑ دیا گیا

دوسرے واقعے میں گجر ٹاؤن میں پولیس ملازمین میاں بیوی کی جانب سے 9 سالہ گھریلو ملازمہ ایمان فاطمہ پر مبینہ بہیمانہ تشدد کا واقعہ سامنے آیا ہے، بچی کا بازو ٹوٹ گیا جبکہ گرم سریا لگانے کا بھی الزام عائد کیا گیا ہے۔

متاثرہ بچی کے والدین کے مطابق پولیس ملازمین وارث اور زنیرہ نے چوری کا الزام لگا کر ایمان فاطمہ کو مبینہ طور پر ڈنڈوں اور سوٹوں سے تشدد کا نشانہ بنایا اور گرم سریا بھی لگایا۔

متاثرہ بچی ایمان فاطمہ نے اپنے بیان میں کہا کہ ملزمان مجھے بہت مارتے رہے، میں منت سماجت کرتی رہی لیکن انہوں نے رحم نہ کیا، ہمسائیوں نے مداخلت کرکے میری جان چھڑوائی اور پولیس کو اطلاع دی، پولیس والے مجھے ہسپتال چھوڑ کر چلے گئے۔

بچی کی والدہ نے الزام عائد کیا کہ ملزمان نے دھمکا کر بچی کے والد سے اسٹامپ پیپر پر زبردستی انگوٹھے بھی لگوائے۔

متاثرہ بچی کے والدین کا کہنا ہے کہ پولیس نے واقعے کا مقدمہ تو درج کر لیا لیکن بازو ٹوٹنے سے متعلق دفعات شامل نہیں کی گئیں۔

والدین نے مزید الزام لگایا کہ ملزمان کی جانب سے انہیں مسلسل دھمکیاں دی جا رہی ہیں، انہوں نے متعلقہ حکام سے انصاف فراہم کرنے کی اپیل کی ہے۔