نیتن یاہو نے رواں ماہ کے اوائل میں ایران کیخلاف بڑے پیمانے پر حملوں کی منصوبہ بندی کی تھی:برطانوی اخبار
اسرائیلی فوج ہائی الرٹ، ایرانی اہداف کی نئی فہرست تیار،فوجیوں کی چھٹیاں بھی منسوخ کردی گئیں۔
فوٹو: فائل
اسرائیلی وزیراعظم بن یامین نیتن یاہو نے رواں ماہ کے اوائل میں ایران کے خلاف بڑے پیمانے پر نئے حملوں کی منصوبہ بندی کی تھی، تاہم امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی مخالفت کے باعث منصوبہ منسوخ کردیا گیا۔ برطانوی اخبار فنانشل ٹائمز نے معاملے سے باخبر تین ذرائع کے حوالے سے یہ دعویٰ کیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق اسرائیلی فوج نے 10 اکتوبر کو اختتامِ ہفتہ کے دوران کئی روزہ بمباری مہم کی تیاری مکمل کرلی تھی۔ منصوبے کے تحت ایران کی جوہری تنصیبات، حکومتی اہداف اور بجلی گھروں سمیت شہری بنیادی ڈھانچے کو نشانہ بنایا جانا تھا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ 3 نومبر کو ہونے والے امریکی وسط مدتی انتخابات سے قبل ایران کے ساتھ تنازع دوبارہ شروع کرنے کے حق میں نہیں تھے، جس کے باعث مجوزہ کارروائی منسوخ کردی گئی۔
اس کے باوجود امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور اسرائیلی وزیراعظم بن یامین نیتن یاہو ایران کے خلاف نئے حملوں کی دھمکیاں دے رہے ہیں۔ دونوں رہنماؤں کا کہنا ہے کہ امریکا اور اسرائیل کو ایرانی حکومت کے خلاف اپنا کام مکمل کرنا چاہیے۔
فنانشل ٹائمز کے مطابق مجوزہ بمباری کی شدت فروری میں شروع ہونے والے مشترکہ امریکی اسرائیلی حملوں سے بھی زیادہ ہونی تھی۔ تاہم، یہ واضح نہیں ہوسکا کہ امریکا کو اس نئے آپریشن میں براہ راست شریک ہونا تھا یا نہیں۔ ذرائع کے مطابق آنے والے ہفتوں میں اسرائیل اور امریکا کی جانب سے دوبارہ حملے شروع کیے جانے کا امکان موجود ہے۔
ایک اسرائیلی اہلکار کے مطابق امریکی وزیر دفاع پیٹ ہیگسیتھ نے پیر کے روز اسرائیل کا دورہ کیا اور وزیراعظم نیتن یاہو سمیت دیگر اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کیں۔
اخبار نے ایک ذریعے کے حوالے سے بتایا کہ اسرائیلی حکام نے ایران میں حملوں کے لیے اہداف کی ایک نئی فہرست پیش کی، جو تازہ انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر تیار کی گئی تھی۔ اس فہرست میں شہری بنیادی ڈھانچے کے وہ اہداف بھی شامل تھے جنہیں رواں سال کے اوائل میں نشانہ نہیں بنایا گیا تھا۔
رپورٹ کے مطابق اسرائیلی فوج کئی ہفتوں سے انتہائی ہائی الرٹ پر ہے۔ فوج نے ایک غیر معمولی اقدام کرتے ہوئے جمعرات سے 27 اکتوبر کو ہونے والے اسرائیلی پارلیمانی انتخابات تک تمام فوجیوں کی چھٹیاں منسوخ کردی ہیں۔
اسرائیلی فوج کے چیف آف اسٹاف ایال ضمیر نے کہا ہے کہ یہ اقدام جمہوری انتخابات کو محفوظ بنانے اور انہیں مقررہ وقت پر منعقد کرانے کے ل