جہلم: سی سی ڈی سے مبینہ مقابلے میں جیولرکے قتل کا ملزم ہلاک

لاک ہونے والے شخص کی شناخت ملزم حشمت کے نام سے ہوئی ،ملزم حشمت نے دو روز قبل ایک جیولر کو قتل کرنے کے بعد دو کروڑ روپے سے زائد مالیت کا سونا لوٹا تھا۔

October 21, 2026 · قومی
فائل فوٹو

فائل فوٹو

جہلم میں سی سی ڈی سے مبینہ مقابلے میں جیولر کے قتل اور کروڑوں روپے مالیت کا سونا لوٹنے والا ملزم ہلاک جب کہ ساتھی فرار ہو گیا۔

سی سی ڈی حکام کے مطابق ملوٹ پل کے قریب مشکوک موٹرسائیکل پر سوار دو افراد کو روکنے کی کوشش کی گئی تو انہوں نے مبینہ طور پر فائرنگ شروع کردی۔

اہلکاروں کی جانب سے تعاقب کیے جانے پر کچھ فاصلے پر ایک شخص کی لاش خون میں لت پت حالت میں ملی، جبکہ اس کے قریب زیورات اور ایک پستول بھی موجود تھا۔

حکام کا کہنا تھا کہ ہلاک ہونے والے شخص کی شناخت ملزم حشمت کے نام سے ہوئی ہے، جو اپنے ہی ساتھی کی فائرنگ سے ہلاک ہوا جب کہ دوسرا ملزم موقع سے فرار ہوگیا۔

سی سی ڈی کا مزید دعویٰ ہے کہ ملزم حشمت نے دو روز قبل ایک جیولر کو قتل کرنے کے بعد دو کروڑ روپے سے زائد مالیت کا سونا لوٹا تھا اور واردات کے بعد فرار ہو گیا تھا۔

دوسری جانب پولیس نے لاش کو ہسپتال منتقل کردیا ہے جب کہ فرار ملزم کی گرفتاری اور دیگر شواہد کے حصول کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔