جنید اکبر کی غیر موجودگی میں نورالحق قادری اجلاسوں کی صدارت کریں گے،بیرسٹر گوہر

صوبائی تنظیم کے دیگر امور کی نگرانی علی اصغر بطور سیکریٹری جنرل کے پی کریں گے

October 22, 2026 · قومی

فائل فوٹو

چیئرمین پاکستان تحریک انصاف بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ جنید اکبر خان کی غیر موجودگی میں پارٹی آئین کے مطابق صوبائی تنظیم کے اجلاسوں کی صدارت سینئر نائب صدر نورالحق قادری کریں گے، جبکہ صوبائی تنظیم کے دیگر امور کی نگرانی علی اصغر خان بطور سیکریٹری جنرل پی ٹی آئی خیبر پختونخوا کریں گے۔

پارلیمنٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے پارٹی کے اندرونی معاملات، خیبر پختونخوا کے اراکین اسمبلی اور صوبائی تنظیم سے متعلق بیان میں کہا کہ اپنی ہی جماعت کے معاملات پر حقائق کی تصدیق کیے بغیر فوری ردعمل دینے میں احتیاط کرنی چاہیے۔

سیکریٹری جنرل کے ٹویٹ کی بنیاد بننے والی خبر درست نہیں تھی۔ انہوں نے کہا کہ اس معاملے پر تمام متعلقہ رہنماؤں اور اراکین اسمبلی سے بات کی ہے۔

بیرسٹر گوہر نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے تمام اراکین اسمبلی پارٹی کا فخر اور قیمتی اثاثہ ہیں۔ گزشتہ دو سال کے دوران انہوں نے جس ثابت قدمی سے عمران خان کا ساتھ دیا، قربانیاں دیں اور مشکل ترین حالات میں پارٹی کو زندہ رکھا، وہ پوری دنیا کے سامنے ہے۔ ہر جلسے، ریلی اور مارچ میں خیبر پختونخوا کے اراکین اسمبلی نے قائدانہ کردار ادا کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ تمام اراکین اسمبلی عمران خان، ان کے نظریے اور جدوجہد کے ساتھ پہلے سے زیادہ مضبوطی سے کھڑے ہیں اور انہیں عمران خان کا مکمل اعتماد حاصل ہے۔ پارٹی کا کوئی بھی رکن اسمبلی عمران خان کی ہدایات سے انحراف کا سوچ بھی نہیں سکتا۔ بیرسٹر گوہر نے اراکین اسمبلی کی قربانیوں اور خدمات پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ بھی پارٹی کے تمام اہم فیصلوں اور مشاورت میں خیبر پختونخوا کی قیادت اور اراکین اسمبلی کو اعتماد میں لیا جائے گا۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے واضح کیا کہ جنید اکبر خان کو عمران خان نے خود خیبر پختونخوا کا صوبائی صدر مقرر کیا تھا اور عمران خان کی ہدایات پر ان کی تقرری کا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا تھا۔ جنید اکبر بدستور صوبائی صدر رہیں گے۔ ان کی غیر موجودگی میں پارٹی آئین کے مطابق نورالحق قادری صوبائی تنظیم کے اجلاسوں کی صدارت کریں گے، جبکہ علی اصغر خان بطور سیکریٹری جنرل صوبائی تنظیم کے دیگر امور کی نگرانی کریں گے۔

بیرسٹر گوہر کے مطابق اس حوالے سے متعلقہ ذمہ داران سے بات ہو چکی ہے اور خیبر پختونخوا کی صوبائی تنظیم کے اجلاس میں بھی یہی خواہش سامنے آئی ہے۔ ان شاء اللہ آج یا کل اس سلسلے میں باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کردیا جائے گا۔ جنید اکبر خان کی واپسی تک صوبائی تنظیم اور موجودہ کابینہ میں کوئی تبدیلی نہیں کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ تمام تر توجہ عمران خان کے مؤقف، بیانیے اور جدوجہد پر مرکوز رہنی چاہیے۔ کسی بھی اندرونی بحث یا غیر ضروری بیان بازی سے عمران خان کے مقصد اور جدوجہد سے توجہ نہیں ہٹنی چاہیے۔ ہم سب عمران خان کی قیادت میں متحد ہیں اور ان کے فیصلے اور ہدایات ہی ہمارے لیے حتمی ہیں۔

بیرسٹر گوہر نے مزید کہا کہ وہ کئی بار واضح کر چکے ہیں کہ سہیل ہی وزیر اعلیٰ ہیں اور کسی اور کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا، کیونکہ یہ فیصلے عمران خان کے ہیں۔