اسد قیصر کے وارنٹ گرفتاری منسوخ، عبوری ضمانت بھی منظور

جوڈیشل مجسٹریٹ محمد اظہر ندیم نے اسد قیصر کے وارنٹ گرفتاری منسوخ کیے

October 23, 2026 · قومی
اسد قیصر کے وارنٹ گرفتاری منسوخ، عبوری ضمانت بھی منظور

اسد قیصر کے وارنٹ گرفتاری منسوخ، عبوری ضمانت بھی منظور

اسلام آباد: اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ نے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کے وارنٹ گرفتاری منسوخ کر دیے، جبکہ انسداد دہشت گردی عدالت نے سنگجانی احتجاج کیس میں ان کی 7 نومبر تک عبوری ضمانت منظور کر لی۔

جوڈیشل مجسٹریٹ محمد اظہر ندیم نے اسد قیصر کے وارنٹ گرفتاری منسوخ کیے۔ اسد قیصر اپنے وکیل عائشہ خالد کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئے تھے۔ عدالت نے ان کی عدم پیشی پر پہلے وارنٹ گرفتاری جاری کیے تھے۔

پی ٹی آئی احتجاج سے متعلق مقدمے کا ٹرائل جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت میں زیر التوا ہے۔

دوسری جانب انسداد دہشت گردی عدالت اسلام آباد نے سنگجانی احتجاج کیس میں اسد قیصر کی عبوری ضمانت 7 نومبر تک منظور کرتے ہوئے پولیس کو انہیں گرفتار کرنے سے روک دیا۔

انسداد دہشت گردی عدالت کے جج ابو الحسنات محمد ذوالقرنین نے درخواست پر سماعت کی۔ عدالت نے سرکار کو نوٹس جاری کرتے ہوئے مقدمے کا ریکارڈ بھی طلب کر لیا۔

واضح رہے کہ گزشتہ سماعت پر عدالت میں پیش نہ ہونے کے باعث اسد قیصر کی ضمانت منسوخ کر دی گئی تھی۔ تازہ سماعت میں عدالت نے انہیں عبوری ریلیف فراہم کرتے ہوئے مزید کارروائی 7 نومبر تک ملتوی کر دی۔