اسحاق ڈار چار ملکی وزرائے خارجہ اجلاس میں شرکت کے لیے استنبول روانہ
اسحاق ڈار ترکیہ کے وزیر خارجہ حکان فیدان کی دعوت پر اجلاس میں شریک ہوں گے
اسحاق ڈار چار ملکی وزرائے خارجہ اجلاس میں شرکت کے لیے استنبول روانہ
نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار علاقائی تعاون اور سفارتی روابط کے فروغ کے لیے ترکیہ کے شہر استنبول روانہ ہو گئے، جہاں وہ چار ممالک کے وزرائے خارجہ کے اجلاس میں شرکت کریں گے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اسحاق ڈار ترکیہ کے وزیر خارجہ حکان فیدان کی دعوت پر اجلاس میں شریک ہوں گے۔ اس اجلاس میں پاکستان، ترکیہ، سعودی عرب اور مصر کے وزرائے خارجہ شرکت کریں گے۔
دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ پاکستان کی اس اجلاس میں شرکت تعمیری سفارت کاری، علاقائی تعاون اور تنازعات کے پرامن حل کے لیے ملک کے عزم کی عکاسی کرتی ہے۔
چار ملکی اجلاس کے بعد برطانیہ، فرانس اور جرمنی کی شرکت سے یورپی ممالک کے گروپ ای تھری کا اجلاس بھی منعقد ہوگا۔ ریجنل فور پلس ای تھری فارمیٹ میں ساتوں ممالک کا یہ پہلا اجلاس ہوگا۔
اجلاس میں مشترکہ چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مربوط سفارتی حکمت عملی مرتب کرنے اور خطے میں امن و استحکام کے فروغ سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق نائب وزیراعظم اسحاق ڈار دورے کے دوران اپنے ہم منصبوں سے دوطرفہ ملاقاتیں بھی کریں گے، جن میں باہمی دلچسپی کے امور اور علاقائی تعاون پر بات چیت متوقع ہے۔