گلگت بلتستان میں پیپلز پارٹی کے منشور پر عملدرآمد شروع ہوچکا ہے،وزیراعلیٰ امجد حسین آذر

سو روزہ حکومتی کارکردگی،روزگار، سیاحت، توانائی اور معدنی وسائل کی ترقی پر توجہ دینے کا اعلان

October 24, 2026 · قومی

وزیراعلیٰ گلگت بلتستان امجد حسین آذر کا کہنا ہے کہ حکومت کے 100 دن مکمل ہوچکے ہیں، پیپلز پارٹی کے منشور پر عملدرآمد جاری ہے، جبکہ تعلیم، صحت، سیاحت، توانائی اور روزگار کے شعبوں میں ترقیاتی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

وزیراعلیٰ گلگت بلتستان ایڈووکیٹ امجد حسین آذر نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان حکومت کے 100 دن مکمل ہوچکے ہیں اور علاقے میں پیپلز پارٹی کے منشور پر عملدرآمد جاری ہے۔ وعدوں پر عمل شروع ہوگیا ہے اور ملازمتیں شفاف طریقے سے فراہم کی گئی ہیں۔

کراچی میں ہفتے کو میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ حکومت لائیو اسٹاک، کامرس، سیاحت اور بارڈر ٹریڈ کے شعبوں پر کام کر رہی ہے۔ جمہوری سیاسی حکومت کی حیثیت سے ذمہ داریاں ادا کرنا شروع کردی ہیں، جبکہ گلگت بلتستان میں اعلیٰ تعلیم اور صحت سمیت تعلیم کے شعبوں پر بھی کام جاری ہے۔

انہوں نے کہا کہ معدنیات اور معدنی وسائل وفاقی نہیں بلکہ صوبائی شعبہ ہیں اور تمام کام وفاقی حکومت نہیں کرسکتی۔ صوبے اپنے معاملات پر کام کر رہے ہیں، تاہم مائنز اینڈ منرلز کے شعبے میں انفورسمنٹ اور مانیٹرنگ کی ضرورت ہے۔ وزیراعلیٰ نے بتایا کہ وہ کراچی میں مقیم گلگت بلتستان کے شہریوں سے بھی رابطے میں رہتے ہیں۔

امجد حسین آذر نے کہا کہ گلگت بلتستان اسمبلی صوبہ بنانے کی قرارداد منظور کرچکی ہے۔ جہاں اتفاق رائے ہو، وہاں نئے صوبے بننے چاہئیں۔ پیپلز پارٹی گلگت بلتستان کے لیے صوبے کا مطالبہ کرتی ہے، تاہم جن علاقوں میں اتفاق رائے نہیں، وہاں اس معاملے پر کام نہیں ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ کچھ انتظار کریں، گلگت بلتستان میں لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کریں گے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ ملک میں صنعت کا پہیہ رکا ہوا ہے اور تھرمل بجلی کی موجودہ یونٹ قیمت پر صنعتیں نہیں چل سکتیں۔ ہائیڈل بجلی سب سے سستی ہے، جبکہ گلگت بلتستان میں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ یونٹ قائم کردیا گیا ہے۔ ان کے مطابق امریکہ گلگت بلتستان کے توانائی کے شعبے میں دلچسپی رکھتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان میں سیاحت کے وسیع امکانات موجود ہیں اور وہاں کے لوگوں کو غریب نہیں ہونا چاہیے۔

خیبر پختونخوا کی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے وزیراعلیٰ گلگت بلتستان نے کہا کہ صوبے میں 13 سالہ حکومت کی کارکردگی کے بارے میں لوگوں سے پوچھا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا کے کسی بھی علاقے کو دیکھ لیں، یہ لوگ گورننس کے لیے نہیں آئے تھے بلکہ سیاسی جماعتوں اور ریاست سے لڑتے ہیں۔ ان کے مطابق لڑائی کا انجام یہی ہونا ہے اور پی ٹی آئی مقبول نعروں اور جھگڑوں کے لیے آئی تھی۔

واضح رہے کہ وزیراعلیٰ گلگت بلتستان ایڈووکیٹ امجد حسین آذر سندھ کے دورے پر کراچی پہنچے ہیں۔ وہ اتوار کو مزار قائد پر حاضری دیں گے، کراچی میں مقیم گلگت بلتستان کے شہریوں سے ملاقات کریں گے اور ان کے مسائل سننے کے لیے پیپلز سیکرٹریٹ میں منعقدہ خصوصی کھلی کچہری سے خطاب کریں گے۔