اسپین میں لیونل میسی کو شاہی اعزاز سے نواز دیا گیا

ارجنٹائنی اسٹار انفرادی حیثیت میں یہ اعزاز پانے والے پہلے فٹبالر بن گئے،50 ہزار یورو انعام بھی شامل

October 24, 2026 · اسپورٹس

لیونل میسی نے ایک اور اعزاز اپنے نام کر لیا، ارجنٹائنی اسٹار کو اسپین کے باوقار پرنسس آف آسٹوریاس اسپورٹس ایوارڈ 2026 سے نواز دیا گیا، وہ انفرادی حیثیت میں یہ اعزاز حاصل کرنے والے پہلے فٹبالر بن گئے۔

ارجنٹائن کے معروف فٹبالر لیونل میسی کو اسپین میں 2026 کے باوقار پرنسس آف آسٹوریاس ایوارڈ فار اسپورٹس سے نواز دیا گیا۔ اس اعزاز کے حصول کے بعد میسی انفرادی حیثیت میں یہ ایوارڈ جیتنے والے پہلے فٹبالر بن گئے ہیں۔

میسی کو رواں سال جون میں اس ایوارڈ کے لیے منتخب کیا گیا تھا۔ ان کے سابق کلب ایف سی بارسلونا نے بھی اس تاریخی کامیابی پر انہیں مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ میسی کا غیر معمولی ٹیلنٹ، میدان کے اندر اور باہر کارکردگی، کھیل سے وابستگی اور سماجی خدمات قابلِ فخر ہیں۔ کلب کے مطابق میسی کے ساتھ اس کا تعلق ہمیشہ فخر کا باعث رہے گا۔

لیونل میسی نے اپنے کیریئر کے 21 سال بارسلونا کے ساتھ گزارے، جہاں انہوں نے متعدد ملکی اور یورپی ٹرافیاں جیتیں۔ 2021 میں کلب چھوڑنے کے بعد وہ پیرس سینٹ جرمین کا حصہ بنے، جبکہ اس وقت امریکی کلب انٹر میامی کی نمائندگی کر رہے ہیں۔

میسی اب تک ریکارڈ آٹھ مرتبہ بیلن ڈی آر جیت چکے ہیں، جبکہ ان کی قیادت میں ارجنٹائن نے فٹبال ورلڈ کپ بھی اپنے نام کیا۔

واضح رہے کہ 1981 میں قائم ہونے والے پرنسس آف آسٹوریاس ایوارڈز کو ہسپانوی زبان کی دنیا کے ممتاز اعزازات میں شمار کیا جاتا ہے۔ یہ ایوارڈ مختلف شعبوں میں نمایاں خدمات انجام دینے والی شخصیات کو دیا جاتا ہے، جس کے ساتھ 50 ہزار یورو کی انعامی رقم بھی شامل ہے۔