جماعت اسلامی کےدر جن سے زائد یوسی چیئرمین۔کونسلرز زیر حراست
اعلی افسران کی ہدایت پر ایسٹ زون پولیس کا کریک ڈاؤن۔ وجہ نہیں بتائی گئی۔ حکومت لانگ مارچ روکنے کی تیاری کر رہی ہے، عہدیداران
جماعت اسلامی کےدر جن سے زائد یوسی چیئرمین۔کونسلرز زیر حراست
کراچی (اسٹاف رپورٹر ) اتوار کی شب پولیس کے اعلیٰ افسران کی ہدایت پر ایسٹ زون پولیس نے جماعت اسلامی سے تعلق رکھنے والے یوسی چیئر مین اور کونسلروں کو حراست میں لینے کے احکامات جاری کیے جس کے بعد ڈسٹرکٹ ایسٹ ، کورنگی اور ملیر پولیس نے کریک ڈاؤن کرتے ہوئے ٹیپو سلطان، فیروز آباد، طارق روڈ محمود آباد، بلوچ کالونی گلشن اقبال، کورنگی اور ملیر کے مختلف علاقوں سے درجن سے زائد یوسی چیئر مینوں اور کونسلروں کو حراست میں لینا شروع کر دیا ، اس حوالے سے ایسٹ زون پولیس کے مختلف تھانیداروں نے نام ظاہر کرنے پر بتایا کہ اعلیٰ افسران کی جانب سے ایک لسٹ ارسال کی گئی ہے اس کے مطابق جماعت اسلامی سے تعلق رکھنے والے یوسی چیئر مینوں اور کونسلروں کو تھانے طلب کیا جا رہا ہے لیکن اعلیٰ افسران نے فوری طور پر حراست میں لینے کے حوالے سے وجوہات بتانے سے گریز کیا ہے، جماعت اسلامی سے تعلق رکھنے والے عہد یداران نے الزام عائد کیا ہے کہ اتوار کی شب اچانک کراچی کے مختلف علاقوں سے یوسی چیئر مینوں اور کونسلروں کو پولیس کی جانب سے حراست میں لیے جانے کی اطلاعات موصول ہورہی ہیں، انھوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ حکومت ایم پی او کے تحت جماعت اسلامی کے کارکنان کو حراست میں لیکر لانگ مارچ کو روکنے کی تیاری کر رہی ہے جماعت سلامی نے انتشار کی سیاست کو نامنظور کرتی ہے، جماعت اسلامی کے کارکنان کا کہنا ہے کہ ہم اپنے ساتھیوں کو لینے مختلف تھانے پہنچے لیکن پولیس ان سے ملنے نہیں دے رہی اور نہ حراست میں لیے جانے کی وجوہات بتائی جارہی ہیں۔ امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق شہر بھر سے ہمارے منتخب نمائندوں کو تھانے بلا کر حراست میں رکھا گیا ہے، کورنگی کے یوسی چیر میں ن خورشید اقبال کے گھر زمان ٹاؤن پولیس موبائل گئی اور تھانے چلنے کا کہا، وہ پولیس کے ساتھ تھانے گئے تو وہاں جا کر تھانے سے باہر جانے سے منع کر دیا گیا، چنیسر ٹاؤن کے کونسلر اطہر امام اور مجاہد کو تھانہ ٹیپو سلطان بلایا گیا اور اسی طرح حراست میں رکھا گیا ہے، جناح ٹاؤن یوسی 1 کے وارڈ کو نسلر ساجد جیلانی کو بھی حراست میں لیا گیا ہے، سولجر بازار کے وارڈ کو نسلر کو بھی حراست میں رکھا گیا ہے، کارکنان کو تھا نہ سائٹ سپر ہائی وے ڈسٹرکٹ ایسٹ میں رکھا گیا ہے حراست میں لیے جانے کی کوئی وجہ نہیں بتائی جارہی ہے۔