کراچی میں بین الاقوامی منشیات نیٹ ورک کے مبینہ کارندے میاں بیوی گرفتار

ملزمان سے چپلوں میں چھپائی گئی منشیات اور چرس برآمد ہوئی ہے۔

October 26, 2026 · قومی
کراچی میں بین الاقوامی منشیات نیٹ ورک کے مبینہ کارندے میاں بیوی گرفتار

کراچی میں بین الاقوامی منشیات نیٹ ورک کے مبینہ کارندے میاں بیوی گرفتار

کراچی میں ایسٹ زون پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے بین الاقوامی منشیات سپلائی نیٹ ورک میں مبینہ طور پر ملوث میاں بیوی کو گرفتار کرلیا۔ پولیس کے مطابق ملزمان سے چپلوں میں چھپائی گئی منشیات اور چرس برآمد ہوئی ہے۔

ایسٹ پولیس کے ترجمان کے مطابق ڈی آئی جی ایسٹ زون اور ایس ایس پی ایسٹ کی ہدایات پر ایس ڈی پی او سہراب گوٹھ اور ایس ایچ او سائٹ سپر ہائی وے کی نگرانی میں نیو سبزی منڈی چوکی پولیس نے خفیہ اطلاع پر چاکر ہوٹل کے قریب کارروائی کی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان کے قبضے سے ایک بیگ ملا، جس کی تلاشی کے دوران 14 چپلوں میں مہارت سے چھپائی گئی منشیات، جسے پولیس نے تھرا قرار دیا، اور چرس کے دو پیکٹ برآمد کیے گئے۔

گرفتار افراد کی شناخت علی رضا ولد صفدر علی اور ان کی اہلیہ مریم کے نام سے ہوئی ہے۔

پولیس کے مطابق ابتدائی تفتیش میں ملزمان نے بتایا کہ وہ کوئٹہ سے شعیب نامی شخص کے ذریعے بسوں میں منشیات کراچی منگواتے تھے۔ کراچی پہنچنے پر علی رضا اپنی اہلیہ کے ساتھ منشیات وصول کرتا اور انہیں آسٹریلیا بھیجنے کا انتظام کرتا تھا۔

پولیس کے بیان کے مطابق آسٹریلیا میں موجود نیٹ ورک کا مبینہ مرکزی کارندہ منشیات وصول کرکے فروخت کرتا تھا، جبکہ فروخت سے حاصل ہونے والی رقم پاکستان میں موجود نیٹ ورک کے افراد کو منتقل کی جاتی تھی۔

پولیس نے بتایا کہ گرفتار میاں بیوی کے خلاف کنٹرول آف نارکوٹکس سبسٹینس ایکٹ کے تحت مقدمات درج کرلیے گئے ہیں۔ نیٹ ورک کے دیگر مبینہ کارندوں اور اس کے مزید روابط کا سراغ لگانے کے لیے تفتیش اور کارروائیاں جاری ہیں۔