حوثیوں کا ریاض ایئرپورٹ اور تیل پائپ لائن کو بھر نشانہ بنانے کا دعویٰ

اس پائپ لائن اور اس کے پمپنگ اسٹیشنوں کو اس سے پہلے بھی نشانہ بنایا جا چکا ہے

October 26, 2026 · اہم خبریں, بام دنیا
فائل فوٹو

فائل فوٹو

صنعا: یمنی حوثیوں نے سعودی عرب کی مشرق سے مغرب تک جانے والی اہم تیل پائپ لائن کے پمپنگ اسٹیشنوں اور ریاض ایئرپورٹ پر حملے کا دعویٰ کیا ہے۔

اس پائپ لائن اور اس کے پمپنگ اسٹیشنوں کو اس سے پہلے بھی نشانہ بنایا جا چکا ہے۔

سعودی حکام نے تاحال ان حملوں پر کوئی ردِعمل نہیں دیا، تاہم گذشتہ ایک ماہ کے دوران سعودی عرب کے ایئرپورٹس، بندرگاہوں اور تیل کی تنصیبات پر حوثیوں کے حملوں میں شدت آئی ہے۔

اس سے قبل ایران کے حمایت یافتہ حوثیوں کے خلاف لڑنے والے سعودی قیادت میں قائم اتحاد نے کہا تھا کہ اس نے یمن کے دارالحکومت صنعا میں بیلسٹک میزائل داغنے کے دو مقامات کو نشانہ بنایا ہے۔

اتحاد کے مطابق ان میں سے ایک مقام سے ریاض کی جانب میزائل داغا گیا تھا، جسے فضائی دفاعی نظام نے فضا میں ہی تباہ کر دیا۔

سعودی عرب کی مشرق سے مغرب تک جانے والی یہ تیل پائپ لائن تقریباً 1,200 کلومیٹر طویل ہے اور جزیرہ نمائے عرب کے وسیع علاقے سے گزرتی ہے۔

سعودی تیل کمپنی آرامکو کے زیرِ انتظام یہ پائپ لائن آبنائے ہرمز سے گزرے بغیر تیل کی ترسیل کے لیے اہم حیثیت رکھتی ہے۔

یہ پائپ لائن سعودی عرب کے مشرقی حصے سے تیل بحیرۂ احمر کے ساحل پر واقع بندرگاہ ینبع تک پہنچاتی ہے۔