آن لائن بائیک رائیڈر کی ہراسانی پر چھلانگ لگانے والی خاتون موت و زندگی کی کش مکش میں مبتلا
دورانِ سفر رائیڈر نے خاتون کے ساتھ مبینہ نازیبا حرکت اور ہراسانی کی، جس سے خوفزدہ ہو کر خاتون نے اپنی جان بچانے کے لیے چلتی موٹر سائیکل سے چھلانگ لگا دی۔
آن لائن بائیک رائیڈر کی ہراسانی پر چھلانگ لگانے والی خاتون موت و زندگی کی کش مکش میں مبتلا
تفصیلات کے مطابق 17 اکتوبر کو پیش آنے والا یہ واقعہ لاہور کے علاقے جوہر ٹاؤن میں پیش آیا، جہاں خاتون نے مبینہ طور پر ان ڈرائیو کے ذریعے موٹر سائیکل کی سواری بک کروائی تھی۔ ذرائع کے مطابق خاتون نے جوہر ٹاؤن کے علاقے ایف 2 سے وٹو پیلس جانے کے لیے رائیڈ بک کی تھی۔
متاثرہ خاتون کے اہلِ خانہ کا الزام ہے کہ دورانِ سفر رائیڈر نے خاتون کے ساتھ مبینہ نازیبا حرکت اور ہراسانی کی، جس سے خوفزدہ ہو کر خاتون نے اپنی جان بچانے کے لیے چلتی موٹر سائیکل سے چھلانگ لگا دی۔
موٹر سائیکل سے گرنے کے باعث خاتون کے چہرے، ناک، گلے اور سر پر شدید چوٹیں آئیں۔ واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آنے کا دعویٰ کیا گیا ہے، جس کے مطابق خاتون کے چھلانگ لگانے کے بعد رائیڈر موقع سے فرار ہو گیا۔
متاثرہ خاتون کے اہلِ خانہ نے پولیس پر عدم تعاون کا الزام عائد کرتے ہوئے حکام سے فوری نوٹس لینے اور ذمہ دار رائیڈر کے خلاف سخت قانونی کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔ واقعے کے تمام پہلوؤں کی تحقیقات اور الزامات کی تصدیق ضروری ہے۔