مریدکے،بچے کے قتل میں گرفتار 2 ملزمان مبینہ پولیس مقابلے میں ہلاک

ملزمان بچے کی رہائی کے بدلے اس کے اہل خانہ سے 20 لاکھ روپے تاوان کا مطالبہ کر رہے تھے۔

October 28, 2026 · جرم وسزا
مریدکے،بچے کے قتل میں گرفتار 2 ملزمان مبینہ پولیس مقابلے میں ہلاک

مریدکے،بچے کے قتل میں گرفتار 2 ملزمان مبینہ پولیس مقابلے میں ہلاک

مریدکے میں سی سی ڈی پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ پانچ سالہ بچے عون عباس کے اغوا اور قتل کے مقدمے میں گرفتار دو ملزمان آصف اور منیب مبینہ پولیس مقابلے کے دوران مارے گئے۔

پولیس کے مطابق عون عباس کو تقریباً دو ماہ قبل اغوا کیا گیا تھا، جس کے بعد اسے قتل کرکے لاش ایک جوہڑ میں پھینک دی گئی تھی۔

عون عباس رتہ بھیڑ گاؤں کا رہائشی اور پانچ بہنوں کا اکلوتا بھائی تھا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان بچے کی رہائی کے بدلے اس کے اہل خانہ سے 20 لاکھ روپے تاوان کا مطالبہ کر رہے تھے۔

پولیس کے بیان کے مطابق گرفتار ملزمان آصف اور منیب کو مقدمے سے متعلق شواہد برآمد کرنے کے لیے لے جایا جا رہا تھا کہ راستے میں پہلے سے موجود مسلح افراد نے پولیس کی گاڑی پر فائرنگ کردی۔

پولیس کا دعویٰ ہے کہ فائرنگ کے تبادلے کے دوران زیرِ حراست دونوں ملزمان اپنے ہی ساتھیوں کی گولیاں لگنے سے جاں بحق ہوگئے۔
واقعے سے متعلق پولیس کا مؤقف سامنے آیا ہے، جبکہ مبینہ مقابلے کی آزادانہ تصدیق کی تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں۔