کراچی:سرکاری فلیٹ سے پانچ بچوں کی ماں کی تشدد زدہ لاش برآمد
نامعلوم ملزم یا ملزمان نے خاتون کے سر اور جسم پر پتھر سے وار کیے، جبکہ کٹر کے ذریعے ان کا گلا کاٹنے کی بھی کوشش کی گئی۔
کراچی:سرکاری فلیٹ سے پانچ بچوں کی ماں کی تشدد زدہ لاش برآمد
کراچی کے علاقے ایف سی ایریا میں ایک سرکاری فلیٹ سے 65 سالہ خاتون کی تشدد زدہ اور گلا کٹی لاش برآمد ہوئی ہے۔ پولیس کے مطابق نامعلوم ملزم یا ملزمان نے خاتون کے سر اور جسم پر پتھر سے وار کیے، جبکہ کٹر کے ذریعے ان کا گلا کاٹنے کی بھی کوشش کی گئی۔
پولیس کے مطابق مقتولہ کی شناخت فریدہ بیگم کے نام سے ہوئی ہے، جو پانچ بچوں کی ماں تھیں۔ ان کے چار بیٹے اور ایک بیٹی ہے، جن میں سے تین بیٹے اور بیٹی شادی شدہ ہیں اور الگ رہائش پذیر ہیں۔ ایک بیٹا اپنی والدہ کے ساتھ فلیٹ میں رہتا تھا۔
ایس ایچ او شریف آباد کے مطابق مقتولہ کا بیٹا کلفٹن میں موبائل فون کا کاروبار کرتا ہے اور رات گئے گھر واپس آتا ہے۔ منگل اور بدھ کی درمیانی شب تقریباً دو بجے جب وہ گھر پہنچا تو اس نے اپنی والدہ کو خون میں لت پت مردہ حالت میں پایا، جس کے بعد پولیس کو اطلاع دی گئی۔
پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد جمع کرنے کے بعد لاش قانونی کارروائی کے لیے عباسی شہید اسپتال منتقل کر دی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ مقتولہ کے شوہر گزشتہ دس سے پندرہ برس سے الگ رہائش پذیر تھے۔
واقعے کے بعد اسپتال میں قانونی کارروائی میں بھی تاخیر کا معاملہ سامنے آیا۔ پولیس کے مطابق ڈیوٹی پر موجود عملے نے لیڈی میڈیکو لیگل افسر سے رابطے کی کوشش کی، تاہم رابطہ نہ ہونے کے باعث لاش کئی گھنٹوں تک اسپتال میں موجود رہی۔ ڈیوٹی پر موجود میڈیکو لیگل افسر نے بھی میڈیا کے سوالات کا جواب دینے سے گریز کیا۔
ایس ایچ او کے مطابق بدھ کی صبح قانونی کارروائی مکمل ہونے کے بعد لاش ورثا کے حوالے کر دی گئی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ اہل خانہ تدفین کے بعد مقدمہ درج کرانے آئیں گے۔ واقعے میں ملوث ملزمان کی شناخت اور قتل کی وجوہات تاحال سامنے نہیں آئیں۔