بھارتی عدالت سے اداکار عمران خان کو ریلیف،ملک چھوڑنے کا نوٹس معطل

عدالت میں کیس کی اگلی سماعت 2 نومبر کو سہ پہر 3 بجے مقرر کی گئی ہے

October 28, 2026 · بام دنیا
بھارتی عدالت سے اداکار عمران خان کو ریلیف،ملک چھوڑنے کا نوٹس معطل

بھارتی عدالت سے اداکار عمران خان کو ریلیف،ملک چھوڑنے کا نوٹس معطل

بالی ووڈ اداکار عمران خان کو بھارت چھوڑنے کے حکم کے خلاف قانونی کارروائی میں عارضی ریلیف مل گیا ہے۔ بمبئی ہائی کورٹ نے فارنرز ریجنل رجسٹریشن آفس کی جانب سے جاری کردہ نوٹس کو آئندہ سماعت تک معطل کردیا ہے۔

عدالت میں کیس کی اگلی سماعت 2 نومبر کو سہ پہر 3 بجے مقرر کی گئی ہے۔ سماعت کے دوران مرکزی حکومت کے وکیل نے مزید وقت دینے کی درخواست کی، جس پر عدالت نے معاملے کو آئندہ تاریخ تک ملتوی کردیا۔

عمران خان امریکی شہری ہیں اور ان کے پاس اوورسیز سٹیزن آف انڈیا کارڈ بھی موجود ہے۔ بمبئی ہائی کورٹ کے چیف جسٹس مہیش چندرا ترپاٹھی اور جسٹس ادویت سیٹھنا پر مشتمل بینچ نے کیس کی سماعت کی۔

حکومتی وکیل انیل سنگھ نے عدالت کو یقین دہانی کرائی کہ اگلی سماعت تک اداکار کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی جائے گی۔ دوسری جانب عمران خان کے وکیل وینکٹیش دھونڈ نے مؤقف اختیار کیا کہ جاری کردہ حکم کے تحت انہیں اگلے ہی روز بھارت چھوڑنا تھا۔

رپورٹس کے مطابق بی جے پی رہنما کرٹ سومیا کی جانب سے پولیس کو شکایت دی گئی تھی کہ عمران خان بھارتی شہری نہیں بلکہ امریکی شہری ہیں، اس لیے ان کے معاملے میں قانون کے مطابق کارروائی کی جائے۔ بعد ازاں پولیس نے یہ معاملہ متعلقہ امیگریشن حکام کو بھجوا دیا۔

یہ معاملہ 10 اکتوبر کو اس وقت سامنے آیا جب ممبئی پولیس نے عمران خان کو اگست کرانتی میدان کے قریب سے حراست میں لیا۔ وہاں انتخابی فہرستوں پر نظرثانی کی مہم کے خلاف احتجاج جاری تھا، جس میں مظاہرین چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار کے استعفے کا مطالبہ بھی کر رہے تھے۔