کلرسیداں میں 15 سالہ ذہنی معذوری بچی سے مبینہ زیادتی کی کوشش،ملزم گرفتار

واقعے کا مقدمہ بچی کے والد کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے۔

October 28, 2026 · جرم وسزا
کلرسیداں میں 15 سالہ ذہنی معذوری بچی سے مبینہ زیادتی کی کوشش،ملزم گرفتار

کلرسیداں میں 15 سالہ ذہنی معذوری بچی سے مبینہ زیادتی کی کوشش،ملزم گرفتار

راولپنڈی کے علاقے کلرسیداں میں گھر میں داخل ہو کر 15 سالہ ذہنی معذوری کا شکار بچی سے مبینہ زیادتی کی کوشش کرنے والے شخص کو پولیس نے گرفتار کرلیا۔

پولیس کے مطابق واقعے کا مقدمہ بچی کے والد کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے۔ والد نے اپنے بیان میں بتایا کہ وہ مزدوری کرتے ہیں جبکہ ان کی اہلیہ گھروں میں کام کرتی ہیں۔ ان کی بیٹی پیدائشی طور پر ذہنی معذوری کا شکار ہے اور عموماً گھر پر ہی رہتی ہے۔

مدعی کے مطابق وہ صبح تقریباً 11 بجے کام سے واپس گھر پہنچے تو باورچی خانے میں علاقے کے رہائشی اخلاق اسلم کو اپنی بیٹی کے ساتھ قابلِ اعتراض حالت میں دیکھا۔ والد کے اچانک پہنچنے پر ملزم موقع سے فرار ہوگیا۔

اطلاع ملنے پر پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے اخلاق اسلم کو گرفتار کرلیا اور واقعے کا مقدمہ درج کرلیا۔

ایس پی صدر کے مطابق ملزم کے خلاف ٹھوس شواہد اکٹھے کرکے مقدمے کا چالان عدالت میں پیش کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ خواتین اور بچوں کو ہراساں کرنے یا ان کے ساتھ زیادتی کے واقعات ناقابلِ برداشت ہیں۔