پی سی بی اور الائیڈ بینک کے درمیان اسکولز کرکٹ کے لیے 10 کروڑ روپے کا معاہدہ
قذافی اسٹیڈیم لاہور میں مفاہمتی یادداشت پر دستخط کی تقریب منعقد ہوئی، جس میں چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے بطور مہمان خصوصی شرکت
پی سی بی اور الائیڈ بینک کے درمیان اسکولز کرکٹ کے لیے 10 کروڑ روپے کا معاہدہ
لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ اور الائیڈ بینک آف پاکستان کے درمیان اسکولز ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کو فروغ دینے کے لیے 10 کروڑ روپے کی اسپانسرشپ کا معاہدہ طے پا گیا ہے۔
اس سلسلے میں قذافی اسٹیڈیم لاہور میں مفاہمتی یادداشت پر دستخط کی تقریب منعقد ہوئی، جس میں چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ، رکن قومی اسمبلی عون چوہدری اور پی سی بی کے ڈائریکٹر کمرشل علی عدنان زیدی بھی تقریب میں موجود تھے۔
معاہدے پر پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے چیف آپریٹنگ آفیسر سمیر احمد جبکہ الائیڈ بینک کی جانب سے چیف کمرشل اینڈ ریٹیل بینکنگ نارتھ عابد انور نے دستخط کیے۔
معاہدے کے تحت اسکولز ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کے انتظامات پاکستان کرکٹ بورڈ انجام دے گا۔ اس منصوبے کا مقصد اسکولوں میں کرکٹ کی سرگرمیوں کو وسعت دینا اور نوجوان کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتیں دکھانے کے مواقع فراہم کرنا ہے۔
چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے معاہدے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ یہ شراکت داری اسکولوں کی سطح پر کرکٹ کے فروغ میں اہم کردار ادا کرے گی۔ ان کے مطابق اس تعاون سے نئے باصلاحیت کھلاڑی سامنے لانے میں مدد ملے گی۔
وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے بھی اس معاہدے کو خوش آئند قرار دیا۔ انہوں نے اسکولوں میں کرکٹ کو دوبارہ فعال بنانے کے لیے چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کی کوششوں کو سراہا۔