کراچی میں بھائی کی فائرنگ سے دو سگی بہنیں قتل، ملزم فرار

ذاتی رنجش اور جھگڑے کا شاخسانہ، پولیس کی ملزم کی گرفتاری کے لیے کارروائی جاری

October 28, 2026 · قومی

شاہ فیصل کالونی میں بھائی نے فائرنگ کرکے 2 سگی بہنوں کو قتل کردیا

کراچی: شاہ فیصل کالونی کے علاقے نیو رحمان آباد میں بھائی نے فائرنگ کرکے اپنی دو سگی بہنوں کو قتل کردیا، واقعے کے بعد ملزم موقع سے فرار ہوگیا۔

ترجمان ضلع کورنگی پولیس کے مطابق فائرنگ کا واقعہ تھانہ شاہ فیصل کالونی کی حدود میں ڈرگ روڈ، نیو رحمان آباد، مکان نمبر اے 9 میں پیش آیا، جہاں ملزم رحیان نے اپنی دو بہنوں 25 سالہ صوبیہ اور 20 سالہ ہیرا کو فائرنگ کرکے قتل کردیا۔

واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ایس ایس پی کورنگی نے ایس پی شاہ فیصل شاہ نواز میمن کو موقع پر پہنچنے کی ہدایت کی، جس کے بعد کرائم سین یونٹ اور فرانزک ٹیم جائے وقوعہ پر پہنچ گئے اور شواہد جمع کرنے کا عمل شروع کردیا۔

ایس ایس پی کورنگی فدا حسین جانوری نے ایس ایچ او تھانہ شاہ فیصل کو واقعے میں ملوث ملزم کو گرفتار کرنے کا حکم دے دیا۔ ابتدائی تفتیش کے مطابق واقعہ ذاتی رنجش اور جھگڑے کے باعث پیش آیا۔

دونوں مقتول بہنوں کی لاشوں کو قانونی کارروائی اور پوسٹ مارٹم کے لیے جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹر (جے پی ایم سی) منتقل کردیا گیا ہے۔

پولیس کے مطابق ملزم کی گرفتاری کے لیے اس کے ٹھکانوں پر چھاپے مارے جا رہے ہیں، جبکہ واقعے سے متعلق مزید معلومات اور شواہد بھی جمع کیے جا رہے ہیں۔