خیبرپختونخوا؛ پبی میں 11 ہزار وولٹ بجلی لائن کے دو کلومیٹر تار چوری،علاقہ تاریکی میں ڈوب گیا
پولیس گشت نہ ہونے پر چوری کی واردات،متعلقہ حکام سے فوری کارروائی اور گرفتاریوں کا مطالبہ
پبی میں کھمبوں سے 11 ہزار وولٹ لائن تار چوری، علاقہ تاریکی میں ڈوب گیا
پشاور: خیبرپختونخوا کی تحصیل پبی کے علاقے کیمپ کورونہ اکبرپورہ میں نامعلوم چور بجلی کے کھمبوں سے 11 ہزار وولٹ لائن کے تقریباً دو کلومیٹر طویل تار کاٹ کر لے گئے، جس کے باعث علاقہ بجلی سے محروم ہوکر تاریکی میں ڈوب گیا۔
نجی ٹی وی کے مطابق چوری کی واردات رات کے وقت پیش آئی۔ بجلی کے کھمبوں سے تار چوری ہونے کے واقعے پر علاقے کے عوام نے تشویش کا اظہار کیا ہے۔
تحصیل بار کونسل پبی کے فنانس سیکریٹری نجم الزمان ایڈووکیٹ نے واقعے پر شدید افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ علاقے میں پولیس گشت نہ ہونے کے باعث چوروں کو واردات کا موقع ملا۔
انہوں نے کہا کہ دو کلومیٹر طویل بجلی لائن کے تار کاٹ کر لے جانا معمولی بات نہیں۔ اگر پولیس باقاعدگی سے گشت کرتی تو اس قسم کی واردات کو روکا جاسکتا تھا۔
نجم الزمان ایڈووکیٹ نے ڈی پی او نوشہرہ سمیت متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا کہ واقعے کا فوری نوٹس لیا جائے اور ملوث چوروں کو گرفتار کیا جائے۔