وزیراعظم شہباز شریف نے پاک چین دوستی ہسپتال کا افتتاح کردیا
ہسپتال کے تمام اخراجات حکومت برداشت کرے گی، مریضوں کو ملک بھر میں مفت علاج فراہم کیا جائے گا
وزیراعظم شہباز شریف نے پاک چین دوستی ہسپتال کا افتتاح کردیا
اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان چائنا فرینڈشپ ہسپتال کی افتتاحی تقریب میں شرکت کی اور خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ ہسپتال پاک چین دوستی کی لازوال مثال ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ چین نے کورونا وبا کے دوران پاکستان کو یہ ہسپتال تحفے میں دیا تھا، تاہم کورونا کے بعد ہسپتال کی بندش انتہائی افسوسناک اور مجرمانہ غفلت تھی۔
شہباز شریف نے اعلان کیا کہ ہسپتال کے تمام اخراجات حکومت پاکستان برداشت کرے گی اور یہاں مریضوں کو مکمل طور پر مفت علاج فراہم کیا جائے گا۔ اسلام آباد سمیت ملک بھر سے آنے والے مریض اس سہولت سے مستفید ہوسکیں گے۔
وزیراعظم نے کہا کہ عوام کو بہتر علاج کی سہولیات فراہم کرنا ریاست کی ذمہ داری ہے۔ انڈس اسپتال کی انتظامیہ نے سالانہ اخراجات اور سرمایہ کاری میں مناسب رعایت دی ہے، جبکہ انڈس اسپتال غیر منافع بخش بنیادوں پر طبی خدمات فراہم کر رہا ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان چین دوستی ہسپتال کا نام مستقل طور پر برقرار رہے گا۔ صحت کے شعبے میں عوام اور دکھی انسانیت کی خدمت سے بڑھ کر کوئی قومی خدمت نہیں، عوام کی خدمت کرنے والوں کو ہمیشہ دعائیں ملتی رہیں گی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چینی سفیر جیانگ ژی ڈونگ نے کہا کہ پاک چین فرینڈشپ ہسپتال وزیراعظم شہباز شریف کی ذاتی دلچسپی اور سرپرستی کا نتیجہ ہے۔ اسپتال کو پاک چین فرینڈشپ ہسپتال کا نام دیا جانا قابلِ تحسین ہے۔
چینی سفیر نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں پاکستان نے نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں اور بین الاقوامی ریٹنگ ایجنسیوں نے پاکستان کی کریڈٹ ریٹنگ بہتر کی ہے۔ سی پیک کا دوسرا مرحلہ پاکستان کی معاشی ترقی اور عوامی خوشحالی میں اہم کردار ادا کرے گا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے خطاب کے اختتام پر پاک چین دوستی زندہ باد کا نعرہ بھی لگایا۔