ایل پی جی کی فراہمی 16نومبر سے احتجاجا معطل کرنے کا اعلان

مارکیٹرز ایسوسی ایشن نے قیمتوں میں اضافے کے خلاف ملک گیر ہڑتال کا فیصلہ کرلیا

October 31, 2026 · کامرس
ایل پی جی کی فراہمی 16نومبر سے احتجاجا معطل کرنے کا اعلان

ایل پی جی کی فراہمی 16نومبر سے احتجاجا معطل کرنے کا اعلان

پاکستان ایل پی جی مارکیٹرز ایسوسی ایشن نے گیس کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے کے خلاف ملک گیر ہڑتال کا اعلان کر دیا ہے۔ ایسوسی ایشن کے سینئر وائس چیئرمین علی حیدر کا کہنا ہے کہ اگر مقررہ مدت میں مطالبات تسلیم نہ کیے گئے تو ملک بھر میں ایل پی جی کی فروخت مکمل طور پر بند کر دی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ نئے پرائسنگ فارمولے کی وجہ سے ایل پی جی کی قیمتوں میں 25 سے 30 فیصد تک کا نمایاں اضافہ ہو جائے گا۔

دستاویز کے مطابق، ملک میں استعمال ہونے والی 90 فیصد ایل پی جی زمینی راستے سے باؤزرز کے ذریعے صارفین تک پہنچتی ہے، جبکہ مقامی سطح پر پیدا ہونے والی 30 فیصد گیس بھی اسی نئے فارمولے کے باعث مہنگی ہو جائے گی۔

دوسری جانب، جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق اوگرا نے ایل پی جی کی قیمت میں 14 روپے 73 پیسے فی کلو کا اضافہ کر دیا ہے جس کے بعد نئی قیمت 294 روپے 73 پیسے فی کلو مقرر ہو چکی ہے۔ اس اضافے کے نتیجے میں 11.8 کلوگرام کے گھریلو سلنڈر کی سرکاری قیمت میں 173 روپے 86 پیسے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، اور سرکاری ریٹ کے حساب سے گھریلو سلنڈر 3296 روپے سے بڑھ کر 3470 روپے کا ہو گیا ہے۔ اوگرا کے مطابق قیمتوں میں اس اضافے کا اطلاق یکم نومبر 2026 سے ہوگا، جس کی بنیادی وجہ سعودی آرامکو معاہدے کی قیمت میں 6.47 فیصد اضافہ قرار دی گئی ہے۔

تاہم واضح رہے کہ ایل پی جی پہلے ہی سرکاری ریٹ سے کئی گنا زیادہ پر 600 روپے فی کلو گرام کے لگ بھگ فروخت ہور ہی ہے اور سلنڈر چھ سے سات ہزار روپے میں بیچا جا رہا ہے۔