گلیات تاجوال میں قتل دو سگے بھائیوں کی راولپنڈی میں نماز جنازہ اور تدفین

بڑی تعداد میں اہل علاقہ اور پولیس افسران کی شرکت، سانحے کی مزید تفصیل سامنے آگئی

October 31, 2026 · قومی
گلیات تاجوال میں قتل دو سگے بھائیوں کی راولپنڈی میں نماز جنازہ اور تدفین

گلیات تاجوال میں قتل دو سگے بھائیوں کی راولپنڈی میں نماز جنازہ اور تدفین

گلیات کے گاؤں تاجوال میں ایک روز قبل چچا زاد کے ہاتھوں قتل ہونے والے 2 سگے بھائیوں کی نماز جنازہ ہفتہ کو ریلوے گراؤنڈ راولپنڈی میں ادا کرنے کے بعد مقامی قبرستان میں ان کی تدفین کردی گئی۔

نمازِ جنازہ میں ہزاروں افراد نے شرکت کی جب کہ راولپنڈی پنجاب پولیس کے افسران اور اہلکاروں کی بڑی تعداد بھی جنازہ اور تدفین میں شریک رہی۔

یاد رہے کہ ان 2 سگے بھائیوں کے قتل کا واقعہ گزشتہ روز ایبٹ آباد تھانہ چھانگلہ گلی کی حدود میں واقع گاؤں تاجوال میں پیش آیا تھا جہاں زمین کے معمولی تنازع پر 2 سگے بھائی اپنے ہی کزن کے ہاتھوں گولیاں لگنے سے جاں بحق ہوگئے۔ سید تحسین عباس اور سید خضر عباس سگے بھائی تھے اور اپنے قاتل کزن سید منظور شاہ ولد ظراف شاہ کے ہمراہ الگ الگ گاڑی میں راولپنڈی سے زمین دیکھنے اور اس پر تنازع حل کرنے آئے تھے۔

عینی شاہدین کے مطابق قاتل منظور شاہ نے مقامی افراد سے کہا کہ ہمارا باہمی تصفیہ ہوچکا ہے آپ لوگ گاڑی نکالیں ہم تینوں اپنے بزرگوں کی قبروں پر فاتحہ کر کے آجاتے ہیں۔ چند قدم دور جانے کے بعد ہی فائرنگ کی آواز سے علاقہ گونج اٹھا۔

قاتل منظور شاہ نے چند قدموں کے فاصلے سے دونوں بھائیوں پر اپنے پسٹل سے اچانک فائرنگ کردی جس سے سید تحسین عباس موقع پر ہی ہلاک ہوگیا جب کہ سید خضر عباس شدید زخمی حالت میں اسپتال کی طرف روانہ کردیا گیا تاہم اسپتال پہنچنے سے قبل راستے میں ہی دوسرا بھائی بھی جاں بحق ہوگیا۔ اطلاع ملنے کے تقریبا 1 سے 1.5 گھنٹے کے دورانیے میں پولیس نفری مع ایس ایچ او سردار دلاور کے موقع پر پہنچی اور قاتل سید منظور کو آلہ قتل سمیت اپنی تحویل میں لے کر تھانے روانہ ہوگئی۔

قاتل موقع واردات سے فرار ہونے کے بجائے قریب ہی موجود جھاڑیوں میں بیٹھا رہا اور پولیس کے آنے کا انتظار کرتا رہا۔ پولیس نفری کے پہنچنے پر ملزم نے آواز دے کر اپنی موجودگی اور سرینڈر کرنے کا بتایا اور بنا کسی مزاحمت، ناکہ بندی یا تلاش کے قاتل نے رضاکارانہ طور پر پولیس کو اپنی گرفتاری پیش کردی۔

قتل ہونے والے سگے بھائیوں میں سے ایک بھائی سید تحسین شاہ سی سی ڈی پنجاب پولیس راولپنڈی میں ملازم تھے۔ سانحہ تاجوال کا دوسرا افسوس ناک پہلو اس وقت سامنے آیا جب مقتولین کی لاشیں گلیات کے مقامی اسپتال میں پہنچائی گئیں تو ورثا میں آنے والوں میں مقتولین کا ایک اور کزن لاشیں دیکھ کر صدمے کی تاب نہ لاسکا اور حرکت قلب بند ہوجانے سے وفات پاگیا۔

رات گئے 3 وں جنازے راولپنڈی کی جانب روانہ کرنے کے موقع پر ایبٹ آباد پولیس کے اعلیٰ افسران بھی نفری کے ساتھ موجود تھے۔ تدفین کے موقع پر مقتولین کے اہل خانہ شدید صدمے سے نڈھال رہے اور دھاڑیں مار کر روتے رہے۔ نمازِ جنازہ اور تدفین کے موقع پر انتہائی رقت آمیز مناظر دیکھ کر ہر آنکھ اشک بار تھی۔