لاہور میں سی ٹی ڈی ہیڈکوارٹرز کی عمارت سے نگرانی کرنے والا ڈرون ٹکرا گیا

ڈرون جلو موڑ کی سمت سے سی ٹی ڈی ہیڈکوارٹرز کی جانب آیا اور عمارت کی بیرونی دیوار سے ٹکرانے کے بعد نیچے جا گرا۔

November 1, 2026 · قومی
لاہور میں سی ٹی ڈی ہیڈکوارٹرز کی عمارت سے نگرانی کرنے والا ڈرون ٹکرا گیا

لاہور میں سی ٹی ڈی ہیڈکوارٹرز کی عمارت سے نگرانی کرنے والا ڈرون ٹکرا گیا

لاہور: لاہور میں کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) کے ہیڈکوارٹرز کی عمارت سے ایک جدید سرویلنس ڈرون ٹکرا کر گر گیا، جس کے بعد سکیورٹی اداروں میں تشویش پھیل گئی۔

پولیس کے مطابق واقعہ گزشتہ شب ساڑھے بارہ بجے پیش آیا۔ ڈرون جلو موڑ کی سمت سے سی ٹی ڈی ہیڈکوارٹرز کی جانب آیا اور عمارت کی بیرونی دیوار سے ٹکرانے کے بعد نیچے جا گرا۔

حکام کا کہنا ہے کہ ڈرون کے ذریعے سی ٹی ڈی ہیڈکوارٹرز کے اندرونی حصوں کی نگرانی اور ریکی کی جا رہی تھی۔ واقعے کے بعد سکیورٹی ٹیم نے ڈرون تحویل میں لے لیا۔ اس کے ساتھ نصب کیمرے اور بیٹری کی لائٹس بھی فعال تھیں۔

بعد ازاں بم ڈسپوزل اسکواڈ نے ڈرون کا معائنہ کیا اور اسے کلیئر قرار دے دیا۔ پولیس کے مطابق نامعلوم افراد نے مبینہ طور پر دہشت گردی کے مقصد سے ڈرون سی ٹی ڈی ہیڈکوارٹرز کی جانب بھیجا تھا۔

حکام نے واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات شروع کر دی ہیں، جبکہ سی ٹی ڈی ہیڈکوارٹرز کی سکیورٹی ٹیم نے قانونی کارروائی کے لیے تھانہ ہربنس پورہ میں درخواست بھی جمع کرا دی ہے۔