وزیر خارجہ اسحاق ڈار کا مالدیپ کی وزیر خارجہ سے ٹیلیفونک رابطہ، دوطرفہ تعاون مزید مضبوط بنانے پر اتفاق

دونوں وزرائے خارجہ نے مالدیپ کے صدر کے حالیہ دورہ پاکستان کے دوران طے پانے والی مفاہمت اور اتفاق رائے پر عملدرآمد کے عزم کا اعادہ کیا

November 1, 2026 · قومی
فائل فوٹو

فائل فوٹو

اسلام آباد: نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے مالدیپ کی وزیر خارجہ سے ٹیلیفونک گفتگو کی، جس میں پاکستان اور مالدیپ کے درمیان دوطرفہ تعلقات، باہمی تعاون اور علاقائی و عالمی امور پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔

ترجمان دفتر خارجہ سجاد حیدر خان کے مطابق گفتگو کے دوران مالدیپ کی وزیر خارجہ نے مالدیپ کے صدر اور ان کے وفد کے حالیہ دورۂ اسلام آباد کے موقع پر پاکستان کی جانب سے پرتپاک استقبال اور مہمان نوازی پر شکریہ ادا کیا۔

دونوں وزرائے خارجہ نے مالدیپ کے صدر کے حالیہ دورہ پاکستان کے دوران طے پانے والی مفاہمت اور اتفاق رائے پر عملدرآمد کے عزم کا اعادہ کیا۔ اس موقع پر دونوں ممالک نے دوطرفہ تعاون کو مزید وسعت دینے اور قریبی روابط برقرار رکھنے پر بھی اتفاق کیا۔

گفتگو میں دولت مشترکہ کے سربراہانِ حکومت کے آئندہ اجلاس کے ایجنڈے پر بھی تبادلۂ خیال کیا گیا، جبکہ دونوں رہنماؤں نے کثیرالجہتی فورمز پر تعاون کے فروغ سے متعلق امور کا جائزہ لیا۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اس رابطے سے پاکستان اور مالدیپ کے درمیان دوستانہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے اور مختلف شعبوں میں تعاون آگے بڑھانے کے مشترکہ عزم کا اظہار ہوتا ہے۔