خیبر پختونخوا سے رواں سال کا آٹھواں پولیو کیس رپورٹ
رواں سال اب تک پاکستان میں پولیو کے 8 کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں،6 خیبر پختونخوا ، 2 سندھ سے سامنے آئے ہیں ، رپورٹ
فائل فوٹو
اسلام آباد: خیبر پختونخوا کے ضلع خیبر سے رواں سال کا آٹھواں پولیو کیس سامنے آ گیا۔
نیشنل ایمرجنسی آپریشنز سینٹر (این ای او سی) نے نئے پولیو کیس کی تصدیق کر دی ہے جس کے مطابق رواں سال اب تک پاکستان میں پولیو کے 8 کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں، جن میں سے 6 خیبر پختونخوا جبکہ 2 سندھ سے سامنے آئے ہیں۔
حکام کا کہنا تھا کہ پولیو ایک لاعلاج مرض ہے، تاہم بروقت ویکسینیشن کے ذریعے بچوں کو اس خطرناک بیماری سے محفوظ رکھا جا سکتا ہے۔
اسی سلسلے میں ملک بھر کے 97 منتخب اضلاع میں انسدادِ پولیو کی ذیلی قومی مہم کل سے شروع ہوگی، جو 2 سے 8 نومبر 2026 تک جاری رہے گی۔
دوسری جانب مہم کے دوران پانچ سال سے کم عمر 2 کروڑ 40 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
نیشنل ایمرجنسی آپریشنز سینٹر نے والدین پر زور دیا ہے کہ وہ ہر انسدادِ پولیو مہم کے دوران اپنے بچوں کو لازمی قطرے پلوائیں اور پولیو ویکسین کے ساتھ حفاظتی ٹیکہ جات کا کورس بھی مقررہ وقت پر مکمل کروائیں۔