ایڈرین ہیملٹن مینز پی آئی اے کے نئے سی ای او مقرر

ایوی ایشن کی صنعت میں 30 سال سے زائد کا وسیع ترقیاتی اور قیادت کا تجربہ رکھتے ہیں ، بورڈ آف ڈائریکٹرز

November 2, 2026 · قومی
فائل فوٹو

فائل فوٹو

کراچی: پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) کے بورڈ نے مسٹر ایڈرین ہیملٹن مینز (Mr. Adrian Hamilton-Manns) کو ایئرلائن کا نیا چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) مقرر کرنے کا اعلان کیا ہے۔

بورڈ آف ڈائریکٹرز کے مطابق ایڈرین ہیملٹن مینز کا انتخاب پی آئی اے کی جاری اصلاحات اور بحالی کے عمل میں ایک انتہائی اہم پیش رفت کی حیثیت رکھتا ہے۔ وہ ایوی ایشن کی صنعت میں 30 سال سے زائد کا وسیع ترقیاتی اور قیادت کا تجربہ رکھتے ہیں۔

مسٹر ایڈرین ہیملٹن مینز کو ایئرلائنز کی کایا پلٹنے اور ان کی بحالی کا عالمی ماہر سمجھا جاتا ہے۔ اس سے قبل وہ بحیثیت سی ای او تین ایئرلائنز کا کامیابی سے انتظام سنبھال چکے ہیں، جبکہ متعدد عالمی ایئرلائنز میں کلیدی اور قیادت کی اہم ذمہ داریاں بھی ادا کر چکے ہیں۔

پی آئی اے انتظامیہ نے امید ظاہر کی ہے کہ مسٹر ایڈرین کی قیادت اور اسٹریٹجک صلاحیتوں سے قومی ایئرلائن کی بحالی اور جاری اصلاحاتی عمل کو نئی سمت اور تقویت ملے گی۔