امریکی مڈٹرم انتخابات میں متعدد پاکستانی نژاد امیدوار کامیاب

کامیاب ہونے والوں میں ریاستی اسمبلی اور سینیٹ کی نشستیں جیتنے والے امیدوار شامل ہیں۔

November 4, 2026 · بام دنیا
امریکی مڈٹرم انتخابات میں متعدد پاکستانی نژاد امیدوار کامیاب

امریکی مڈٹرم انتخابات میں متعدد پاکستانی نژاد امیدوار کامیاب

امریکا میں ہونے والے وسط مدتی انتخابات میں پاکستانی نژاد امریکی امیدواروں نے مختلف ریاستوں میں کامیابی حاصل کرلی۔ کامیاب ہونے والوں میں ریاستی اسمبلی اور سینیٹ کی نشستیں جیتنے والے امیدوار شامل ہیں۔

امریکی ذرائع ابلاغ کے مطابق پنسلوانیا کی ریاستی اسمبلی کی نشست پر پاکستانی نژاد امریکی امیدوار مریم صبیح رکن منتخب ہوگئیں۔

کنیکٹیکٹ میں ڈیموکریٹ امیدوار مریم خان نے ریاستی سینیٹ کے ڈسٹرکٹ 2 سے کامیابی حاصل کی، جبکہ پاکستانی نژاد امیدوار سعود انور ڈسٹرکٹ 3 سے دوبارہ سینیٹر منتخب ہوگئے۔

ٹیکساس میں سلمان بھوجانی نے ریاستی اسمبلی کے حلقے ڈسٹرکٹ 92 سے دوبارہ کامیابی حاصل کی۔ انہوں نے مجموعی ووٹوں کا 67 فیصد حاصل کیا۔

اسی طرح سلیمان لالانی بھی ٹیکساس کے ریاستی اسمبلی حلقے ڈسٹرکٹ 76 سے دوبارہ منتخب ہوگئے۔ انہیں بھی 67 فیصد ووٹ ملے۔

جارجیا میں پاکستانی نژاد امریکی امیدوار فاروق مغل نے ریاستی اسمبلی کے ڈسٹرکٹ 105 سے کامیابی حاصل کی، جہاں انہوں نے 60.8 فیصد ووٹ حاصل کیے۔

دوسری جانب فلوریڈا میں ری پبلکن جماعت کے پاکستانی نژاد امیدوار امتیاز محمد ریاستی اسمبلی کا انتخاب جیتنے میں ناکام رہے۔