سندھ پولیس کی بڑی غلطی،ہم نام ملزم کے 29 مقدمات شہری کے کھاتے میں ڈال دیے
اس غلط اندراج کے نتیجے میں درخواست گزار کے خلاف ناقابل ضمانت وارنٹ بھی جاری ہوئے، جبکہ اس کا شناختی کارڈ بھی بلاک کردیا گیا
سندھ پولیس کی بڑی غلطی،ہم نام ملزم کے 29 مقدمات شہری کے کھاتے میں ڈال دیے
کراچی میں پولیس ریکارڈ کی مبینہ غلطی نے ایک شہری کو مشکلات سے دوچار کردیا، جہاں اس کے ہم نام ملزم کے خلاف درج 29 مقدمات کا ریکارڈ شہری کے شناختی کارڈ نمبر کے ساتھ منسلک کردیا گیا۔
اس معاملے پر سندھ ہائیکورٹ میں درخواست کی سماعت ہوئی۔ درخواست گزار کے وکیل جہانگیر شمس ایڈووکیٹ نے عدالت کو بتایا کہ پاک کالونی پولیس نے غلطی سے ان کے مؤکل کا شناختی کارڈ نمبر اس کے ہم نام عادی ملزم کے ریکارڈ میں درج کردیا۔
وکیل کے مطابق اس غلط اندراج کے نتیجے میں درخواست گزار کے خلاف ناقابل ضمانت وارنٹ بھی جاری ہوئے، جبکہ اس کا شناختی کارڈ بھی بلاک کردیا گیا۔ پولیس ریکارڈ کی اس غلطی کے باعث شہری کو ایک ہفتے تک حراست میں بھی رہنا پڑا۔
درخواست گزار کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ متعلقہ پولیس حکام سے ریکارڈ کی درستی کی درخواست کی گئی، تاہم کوئی کارروائی نہیں ہوئی۔ انہوں نے عدالت سے استدعا کی کہ شہری کا شناختی کارڈ نمبر ملزم کے مقدمات کے ریکارڈ سے الگ کیا جائے۔
عدالت نے درخواست گزار کے نام پر درج مقدمات کا ریکارڈ طلب کرتے ہوئے مزید سماعت 15 دسمبر تک ملتوی کردی۔