ڈیموکریٹس کی کامیابی کے بعد پوپ لیو کا سیاستدانوں کو اہم پیغام
ذاتی اور جماعتی مفادات کے بجائے عوام کی فلاح و بہبود کو اپنی اولین ترجیح بنائیں۔
ڈیموکریٹس کی کامیابی کے بعد پوپ لیو کا سیاستدانوں کو اہم پیغام
ویٹیکن: امریکی وسط مدتی انتخابات میں ڈیموکریٹس کی کانگریس میں کامیابی کے بعد پوپ لیو چہاردہم نے سیاسی رہنماؤں کو پیغام دیا ہے کہ وہ ذاتی اور جماعتی مفادات کے بجائے عوام کی فلاح و بہبود کو اپنی اولین ترجیح بنائیں۔
ویٹیکن کے سینٹ پیٹرز اسکوائر میں ہفتہ وار خطاب کرتے ہوئے پوپ لیو نے کہا کہ سیاسی نظام کا بنیادی مقصد اجتماعی مفاد کا تحفظ ہونا چاہیے، جبکہ حکومتی اختیارات کو پوری انسانیت کی بھلائی کے لیے استعمال کیا جانا چاہیے۔
انہوں نے زور دیا کہ سیاسی فیصلے کسی ایک فرد یا مخصوص گروہ کے مفادات کو سامنے رکھ کر نہیں بلکہ پورے معاشرے کی ضروریات اور بہتری کو مدنظر رکھتے ہوئے کیے جانے چاہئیں۔
پوپ لیو نے اپنے خطاب میں امریکا کی کسی بھی سیاسی جماعت کا نام نہیں لیا اور نہ ہی ڈیموکریٹس یا ریپبلکنز کی حمایت یا مخالفت کی۔
ان کا یہ بیان امریکی وسط مدتی انتخابات کے ایک روز بعد سامنے آیا ہے، جن میں ڈیموکریٹس نے کانگریس میں نمایاں کامیابی حاصل کی۔
واضح رہے کہ شکاگو میں پیدا ہونے والے پوپ لیو چہاردہم امریکی انتخابات میں ووٹ ڈالنے والے پہلے پوپ ہیں۔ انہوں نے الینوائے میں ڈاک کے ذریعے اپنا ووٹ کاسٹ کیا تھا۔