نومبر میں ملک میں معمول سے زیادہ بارشوں کا امکان

شمالی علاقوں میں معمول سے زیادہ بارشیں متوقع ،جنوبی بلوچستان، سندھ اور جنوبی پنجاب کے بعض علاقوں میں معمول سے کم بارشیں ہوں گی ،آؤٹ لک رپورٹ جاری

November 5, 2026 · قومی
فائل فوٹو

فائل فوٹو

محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے شمالی علاقوں میں معمول سے زیادہ بارشیں متوقع ہیں، جبکہ خیبر پختونخوا کے بیشتر علاقوں، آزاد کشمیر اور شمال مغربی پنجاب میں بھی معمول سے زیادہ بارشوں کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

وسطی پنجاب اور بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں بارشیں معمول کے مطابق رہنے کا امکان ہے، جبکہ جنوبی بلوچستان، سندھ اور جنوبی پنجاب کے بعض علاقوں میں معمول سے کم بارشیں متوقع ہیں۔

آؤٹ لک کے مطابق نومبر میں ملک کے شمالی حصوں میں جنوبی علاقوں کی نسبت زیادہ بارشیں ہونے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات نے نومبر کے دوران ملک بھر میں درجہ حرارت معمول سے زیادہ رہنے کی بھی پیش گوئی کی ہے۔

گلگت بلتستان، کشمیر اور شمالی خیبر پختونخوا میں درجہ حرارت معمول سے زیادہ رہنے کا امکان ہے، جبکہ گلگت بلتستان کے مشرقی علاقوں میں معمول سے زیادہ درجہ حرارت کا امکان سب سے زیادہ ظاہر کیا گیا ہے۔

شمال مغربی بلوچستان اور سندھ کے جنوب مشرقی ساحلی علاقوں میں بھی درجہ حرارت معمول سے زیادہ رہنے کی توقع ہے۔