کراچی: گلشنِ حدید میں گھر میں فائرنگ، ماں بیٹی جاں بحق، بیٹا زخمی
ایک ملزم گھر میں داخل ہوا اور فائرنگ کردی،مزید تحقیقات جاری
فائل فوٹو
کراچی: شہرِ قائد کے علاقے گلشنِ حدید فیز 2 میں گھر کے اندر فائرنگ کے افسوسناک واقعے میں ماں اور بیٹی جاں بحق جبکہ بیٹا شدید زخمی ہو گیا۔
پولیس کے مطابق ابتدائی معلومات سے معلوم ہوا ہے کہ ایک مسلح ملزم اچانک گھر میں داخل ہوا اور اندھا دھند فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں دونوں خواتین موقع پر ہی دم توڑ گئیں جبکہ نوجوان شدید زخمی ہو گیا۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور لاشوں و زخمی کو فوری طور پر قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کے محرکات کا پتا لگایا جا رہا ہے اور اس سلسلے میں تمام زاویوں سے مزید تحقیقات جاری ہیں۔
دوسری جانب، وزیرِ داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار نے گلشنِ حدید میں فائرنگ کے اس دلخراش واقعے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے ایس ایس پی ملیر سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔ ترجمان کے مطابق وزیرِ داخلہ سندھ نے خواتین کے جاں بحق ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے اور ملزمان کی فوری گرفتاری کے احکامات جاری کیے ہیں۔