رانا ثناء اللہ کبھی کبھی بہت سلجھی ہوئی بات کرتے ہیں، شوکت یوسفزئی

اگر کسی کے پاس ثبوت موجود نہ ہوں تو اس پر الزام عائد نہیں کرنا چاہیے، کیونکہ الزامات کی بنیاد پر ہی ہماری حکومت ختم کی گئی تھی۔

November 6, 2026 · قومی
رانا ثناء اللہ کبھی کبھی بہت سلجھی ہوئی بات کرتے ہیں، شوکت یوسفزئی

رانا ثناء اللہ کبھی کبھی بہت سلجھی ہوئی بات کرتے ہیں، شوکت یوسفزئی

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شوکت یوسفزئی نے کہا ہے کہ رانا ثناء اللہ کبھی کبھی بہت سلجھی ہوئی بات کرتے ہیں، ان کا کہنا ہے کہ اگر کسی کے پاس ثبوت موجود نہ ہوں تو اس پر الزام عائد نہیں کرنا چاہیے، کیونکہ الزامات کی بنیاد پر ہی ہماری حکومت ختم کی گئی تھی۔

نجی ٹی وی کےپروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے شوکت یوسفزئی نے کہا کہ تحریک انصاف کے ارکان پارلیمنٹ میں موجود ہیں، اس لیے انہیں پارلیمانی کمیٹیوں میں بھی اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ تحریک انصاف کو سیاسی طور پر ختم کرنے کا ایجنڈا بھی ساتھ لے کر چلا جا رہا ہے۔ ان کا سوال تھا کہ حکومت کس حیثیت سے سڑکوں کے افتتاح کر رہی ہے؟ شوکت یوسفزئی نے کہا کہ انہیں نہیں لگتا کہ گورنر راج زیادہ عرصے تک برقرار رہ سکے گا۔

پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ ان کی جماعت کے لیے سیاسی گنجائش ختم کر دی گئی ہے۔ ان کے مطابق پارٹی رہنماؤں کے خلاف تھری ایم پی او سمیت مختلف مقدمات درج ہیں اور گزشتہ روز ہائیکورٹ کو بھی ان کے مقدمات کی سماعت سے روک دیا گیا، جو افسوس ناک ہے۔

شوکت یوسفزئی نے کہا کہ ملاقاتوں کا ہونا ایک اچھی پیش رفت ہے، اس دوران بانی پی ٹی آئی کے مقدمات سے متعلق مشاورت بھی ہو جاتی ہے، تاہم تحریک انصاف کو اپنے سیاسی مستقبل کے لیے راستہ خود تلاش کرنا ہوگا کیونکہ سیاسی گنجائش کسی دوسرے کے سہارے نہیں ملے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ پارٹی کے بیشتر رہنما جیلوں میں ہیں جبکہ باقی رہ جانے والے رہنماؤں کو بھی مقدمات کا سامنا ہے۔ تحریک انصاف نے مولانا فضل الرحمان کو بھی کنٹینر پر آنے کی دعوت دی تھی، تاہم بظاہر حکومت اور جمعیت علمائے اسلام (ف) کے درمیان کچھ وقت کے لیے کشیدگی پیدا ہوگی اور پھر حالات معمول پر آ جائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ اداروں کو اپنا کام کرنے دینا چاہیے اور سیاسی عمل سے دور نہیں ہونا چاہیے۔