پاکستان کشمیری عوام کی حمایت جاری رکھے گا، صدر آصف علی زرداری
جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کے قیام کے لیے مسئلہ جموں و کشمیر کا منصفانہ حل ناگزیر ہے۔
پاکستان کشمیری عوام کی حمایت جاری رکھے گا، صدر آصف علی زرداری
صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان کشمیری عوام کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا، جبکہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کے قیام کے لیے مسئلہ جموں و کشمیر کا منصفانہ حل ناگزیر ہے۔
یومِ شہدائے جموں کے موقع پر اپنے پیغام میں صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ پاکستان مسئلہ کشمیر کے منصفانہ اور پُرامن حل کے لیے اپنے اصولی مؤقف پر قائم ہے۔ انہوں نے نومبر 1947 میں جموں میں شہید ہونے والے بے گناہ کشمیری مسلمانوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہدائے جموں کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔
صدر مملکت نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان کشمیری عوام کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی سطح پر حمایت جاری رکھے گا۔
دوسری جانب صدر آصف علی زرداری آج دو روزہ دورے پر لاڑکانہ پہنچیں گے، جہاں وہ نوڈیرو ہاؤس میں قیام کریں گے۔