پاکستان اور سوڈان کا سکیورٹی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری سے سوڈان کے وزیر داخلہ لیفٹیننٹ جنرل بابکر سمرہ مصطفیٰ علی نے ملاقات کی

November 7, 2026 · قومی
پاکستان اور سوڈان کا سکیورٹی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق

پاکستان اور سوڈان کا سکیورٹی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق

اسلام آباد: پاکستان اور سوڈان نے سکیورٹی، داخلی امور، پولیس تربیت، ادارہ جاتی روابط، نادرا اور سائبر کرائم سمیت متعدد شعبوں میں دوطرفہ تعاون مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا ہے، جبکہ سائبر کرائم کے شعبے میں تعاون کے لیے جلد باضابطہ معاہدے پر دستخط کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔

اس حوالے سے اسلام آباد میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری سے سوڈان کے وزیر داخلہ لیفٹیننٹ جنرل بابکر سمرہ مصطفیٰ علی نے ملاقات کی۔ اس موقع پر دونوں ممالک کے وفود کے درمیان مختلف امور پر تفصیلی مذاکرات ہوئے۔

مذاکرات کے دوران محسن نقوی نے سوڈان میں امن کے قیام اور تعمیر نو کے عمل میں پاکستان کی جانب سے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

وفاقی وزیر داخلہ نے سوڈان میں نادرا کی خدمات کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ پاکستانی ادارے کی معاونت سے اب تک سوڈان میں 3 کروڑ 60 لاکھ شہریت کارڈز، 90 لاکھ قومی شناختی کارڈز، ایک کروڑ 80 لاکھ پیدائشی سرٹیفکیٹس اور 5 لاکھ اموات کے سرٹیفکیٹس جاری کیے جا چکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان مستقبل میں بھی سوڈان کے سول رجسٹریشن اور شناختی نظام کو بہتر بنانے کے لیے تعاون جاری رکھے گا۔

ملاقات کے دوران سوڈانی وزیر داخلہ کی جانب سے پاکستان میں مقیم شادی شدہ سوڈانی خواتین کے ویزا مسائل کی نشاندہی بھی کی گئی، جس پر محسن نقوی نے متعلقہ حکام کو فوری اقدامات کرنے کی ہدایت کی۔

وفاقی وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ پاکستان سوڈانی پولیس افسران کو پیشہ ورانہ تربیت فراہم کرنے کے لیے تیار ہے، جبکہ سوڈانی شہری پاکستان میں معیاری طبی سہولیات سے بھی استفادہ کر سکتے ہیں۔ اس سلسلے میں صحت کے شعبے میں انہیں ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے گی۔

دوسری جانب سوڈان کے وزیر داخلہ نے سائبر کرائم سمیت مختلف شعبوں میں پاکستان کے تجربات سے فائدہ اٹھانے کی خواہش ظاہر کی۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ایک برادر ملک ہے اور سوڈان اس کے ساتھ تمام شعبوں میں تعاون کو اہمیت دیتا ہے۔

انہوں نے سوڈان کی معاونت پر پاکستانی حکومت اور وفاقی وزیر داخلہ کا شکریہ بھی ادا کیا۔

ملاقات میں وفاقی سیکرٹری داخلہ، چیئرمین نادرا، ڈی جی ایف آئی اے، ڈی جی اے این ایف، آئی جی فیڈرل کانسٹیبلری، ڈی جی نیشنل فرانزک ایجنسی، ڈی جی پاسپورٹ اور اسلام آباد پولیس سمیت مختلف اداروں کے اعلیٰ حکام بھی شریک تھے۔