افغانستان میں پولیو کے 50 کیسز، پاکستان میں وائرس کی منتقلی بڑھ گئی
ضلع خیبر میں سامنے آنے والے تینوں پولیو کیسز کا جینیاتی تعلق بھی افغانستان میں موجود وائرس سے ثابت ہوا ہے۔
افغانستان میں پولیو کے 50 کیسز، پاکستان میں وائرس کی منتقلی بڑھ گئی
افغانستان میں پولیو کے 50 کیسز رپورٹ ہونے کے بعد پاکستان میں بھی وائرس کی سرحد پار منتقلی کے خدشات بڑھ گئے ہیں۔ حکام کے مطابق پاکستان میں گزشتہ دو ماہ کے دوران سامنے آنے والے پولیو کیسز میں سے 40 سے 50 فیصد کا تعلق افغانستان سے ہے، جبکہ غیر قانونی راستوں سے افغان شہریوں کی پاکستان واپسی کو وائرس کے پھیلاؤ کا ایک بڑا خطرہ قرار دیا جا رہا ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق رواں سال پاکستان میں پولیو کے 9 جبکہ افغانستان میں 50 کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔ ضلع خیبر میں سامنے آنے والے تینوں پولیو کیسز کا جینیاتی تعلق بھی افغانستان میں موجود وائرس سے ثابت ہوا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ پاکستان کے مختلف علاقوں سے حاصل کیے گئے سیوریج کے 29 نمونوں میں افغانستان سے آنے والے پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔ یہ وائرس کراچی، جامشورو، راولپنڈی اور ملتان تک پہنچ چکا ہے۔
حکام نے خبردار کیا ہے کہ سرحد پار آمدورفت اور غیر قانونی راستوں سے لوگوں کی نقل و حرکت کے باعث پولیو وائرس کی منتقلی کا خطرہ بڑھ رہا ہے۔ صورتحال کے پیش نظر بچوں کو پولیو سے محفوظ رکھنے کے لیے حفاظتی ٹیکوں اور انسدادِ پولیو مہمات کی اہمیت مزید بڑھ گئی ہے۔