ناظم آباد میں زیرِ تعمیر عمارت کے گڑھے میں گر کر نابینا حافظِ قرآن جاں بحق
نوجوان کی لاش ایمبولینس کے ذریعے عباسی شہید اسپتال منتقل کی گئی۔ متوفی کی شناخت حسن ولد حمید الدین کے نام سے ہوئی ہے۔
ناظم آباد میں زیرِ تعمیر عمارت کے گڑھے میں گر کر نابینا حافظِ قرآن جاں بحق
کراچی: ناظم آباد نمبر 3 میں زیرِ تعمیر عمارت کے گڑھے میں گرنے سے نابینا حافظِ قرآن نوجوان جاں بحق ہو گیا۔ افسوس ناک واقعہ احباب سوئٹس کے قریب پیش آیا، جہاں 35 سالہ راہ گیر حسن گڑھے میں گر کر جان کی بازی ہار گیا۔
چھیپا حکام کے مطابق حادثے کے بعد نوجوان کی لاش ایمبولینس کے ذریعے عباسی شہید اسپتال منتقل کی گئی۔ متوفی کی شناخت حسن ولد حمید الدین کے نام سے ہوئی ہے۔
متوفی کے والد حمید الدین نے بتایا کہ ان کا بیٹا غیر شادی شدہ، نابینا اور حافظِ قرآن تھا جبکہ کمپیوٹر کا کام بھی کرتا تھا۔ حسن ہفتے کی صبح ناشتہ لینے کے لیے گھر سے نکلا تھا کہ قریب ہی زیرِ تعمیر عمارت کے گڑھے میں پھسل کر جا گرا۔ گڑھے میں موجود پلر کے سریے سے ٹکرانے کے باعث وہ دم توڑ گیا۔
متوفی کے والد نے الزام عائد کیا کہ زیرِ تعمیر عمارت کے گڑھے کے اطراف کوئی حفاظتی رکاوٹیں نصب نہیں کی گئی تھیں۔ انہوں نے حکومت سے واقعے کا نوٹس لینے اور انصاف فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
ایس ایچ او ناظم آباد خالد رفیق کے مطابق پولیس کو حادثے کی اطلاع موصول ہوئی ہے اور واقعے کی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔