مولانا صاحب کو حصہ نہیں ملا،اس لیے ناراض ہیں، فیصل کریم کنڈی

مولانا صاحب کے بغیر بھی حکومت قائم ہوئی ہے اور آئندہ بھی چلتی رہے گی۔

November 7, 2026 · قومی
مولانا صاحب کو حصہ نہیں ملا،اس لیے ناراض ہیں، فیصل کریم کنڈی

مولانا صاحب کو حصہ نہیں ملا،اس لیے ناراض ہیں، فیصل کریم کنڈی

پشاور: گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمان کو حکومت میں حصہ نہیں ملا، اسی وجہ سے وہ ناراض ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ مولانا صاحب کے بغیر بھی حکومت قائم ہوئی ہے اور آئندہ بھی چلتی رہے گی۔

پشاور میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ صوبے میں دہشت گردی کے خاتمے کے لیے انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر کارروائیاں کی جا رہی ہیں، جن کے نتیجے میں دہشت گردی کے واقعات میں کمی آنے کی توقع ہے۔

گورنر خیبر پختونخوا کا کہنا تھا کہ اگر شہر کو پھولوں کا شہر بنا دیا جائے اور عوام کو تمام بنیادی سہولیات فراہم کر دی جائیں، تب بھی مخالفین تنقید سے باز نہیں آئیں گے۔ گزشتہ 13 برس کے دوران صوبے میں جو مسائل پیدا ہوئے، موجودہ حکومت انہیں درست کرنے کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسی کو معاف نہیں کیا جائے گا اور حکومت اپنی ذمہ داریاں ادا کر رہی ہے۔

فیصل کریم کنڈی نے مزید کہا کہ صوبے کی بہتری کے لیے بہتر قوانین بنائے جائیں گے اور ضروری قانون سازی بھی کی جائے گی۔

سرکاری ہیلی کاپٹر کے استعمال سے متعلق سوال پر گورنر نے وضاحت کی کہ ہیلی کاپٹر گورنر، وزیراعلیٰ اور وزیراعظم کے سرکاری استعمال کے لیے ہوتے ہیں۔ ان کے مطابق انہوں نے ہیلی کاپٹر سرکاری کام کے سلسلے میں استعمال کیا، کسی تفریح یا عیاشی کے لیے نہیں۔

انہوں نے کہا کہ ماضی میں مبینہ طور پر رقم لے کر تجاوزات کے لیے اجازت نامے جاری کیے جاتے رہے، تاہم اب غیر قانونی تجاوزات کے خاتمے کے لیے کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔

گورنر کے مطابق تجاوزات سے متاثر ہونے والے افراد کی شکایات کے ازالے کے لیے ایک فارم تیار کیا جا رہا ہے۔ ریڑھی بانوں کے لیے بھی اقدامات کیے جائیں گے اور انہیں کاروبار کے لیے مناسب جگہ فراہم کرنے کی کوشش کی جائے گی۔

پولیو کے خاتمے سے متعلق بات کرتے ہوئے فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ پولیو ورکرز کے ساتھ پیش آنے والے واقعات پر بھی کام کیا جا رہا ہے۔ پولیو کے باعث صوبہ متاثر ہو رہا ہے، اس لیے بیماری کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے مزید اقدامات کیے جا رہے ہیں۔