سرکاری خزانے پر بوجھ نہیں ڈالنا چاہتا،مشیر بلدیات آصف رفیق کا تنخواہ، سکیورٹی اور مراعات لینے سے انکار

شفافیت پر یقین رکھتے ہیں اور تمام سرکاری امور میرٹ کی بنیاد پر انجام دیے جائیں گے۔

November 7, 2026 · قومی
سرکاری خزانے پر بوجھ نہیں ڈالنا چاہتا،مشیر بلدیات آصف رفیق کا تنخواہ، سکیورٹی اور مراعات لینے سے انکار

سرکاری خزانے پر بوجھ نہیں ڈالنا چاہتا،مشیر بلدیات آصف رفیق کا تنخواہ، سکیورٹی اور مراعات لینے سے انکار

پشاور: مشیر بلدیات و مواصلات آصف رفیق نے سرکاری تنخواہ، سکیورٹی اور دیگر مراعات حاصل نہ کرنے کا اعلان کرتے ہوئے اپنی تمام سرکاری سہولیات واپس کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق آصف رفیق نے سیکرٹری ایڈمنسٹریشن اور ڈی آئی جی سکیورٹی کو خط لکھ کر آگاہ کیا ہے کہ وہ مشاورتی کونسل کے رکن کی حیثیت سے ملنے والی کسی بھی سرکاری مراعت سے فائدہ نہیں اٹھائیں گے۔

خط میں انہوں نے سرکاری تنخواہ، الاؤنسز، طبی سہولیات، چھٹیوں، سرکاری رہائش، گاڑی اور پیٹرول سمیت دفاتر کی تزئین و آرائش کے لیے فراہم کی جانے والی سہولیات بھی نہ لینے کا اعلان کیا ہے۔

مشیربلدیات نے خط میں یہ درخواست بھی کی ہے کہ انہیں فراہم کی گئی سیکیورٹی واپس لے لی جائے، کیونکہ ان کے خیال میں پولیس اہلکاروں اور سرکاری وسائل کو عوام کے تحفظ کے لیے ترجیح دی جانی چاہیے۔

دوسری جانب نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے آصف رفیق کا کہنا تھا کہ وہ سرکاری خزانے پر اضافی بوجھ نہیں ڈالنا چاہتے۔ سیکیورٹی اور دفاتر کے اخراجات اپنی جیب سے برداشت کریں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ وہ شفافیت پر یقین رکھتے ہیں اور تمام سرکاری امور میرٹ کی بنیاد پر انجام دیے جائیں گے۔