ایس ای فروٹس کے مجوزہ آئی پی او کی تحقیقات تیز،30 بینکوں سے مالی لین دین کا ریکارڈ طلب

مختلف بینکوں سے موصول ہونے والے جوابات اور دستاویزات کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ ایس ای سی پی نے 21 اکتوبر کو اس معاملے کی باضابطہ تحقیقات کا حکم دیا تھا۔

November 7, 2026 · قومی
ایس ای فروٹس کے مجوزہ آئی پی او کی تحقیقات تیز،30 بینکوں سے مالی لین دین کا ریکارڈ طلب

ایس ای فروٹس کے مجوزہ آئی پی او کی تحقیقات تیز،30 بینکوں سے مالی لین دین کا ریکارڈ طلب

اسلام آباد: سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) نے ایس ای فروٹس کے مجوزہ ابتدائی عوامی پیشکش (آئی پی او) سے متعلق تحقیقات کا دائرہ وسیع کر دیا ہے۔ اس سلسلے میں کمپنی اور اس کے سابقہ نام شاہین انٹرپرائزز کی مالی سرگرمیوں کی تفصیلات حاصل کی جا رہی ہیں۔

ذرائع کے مطابق ایس ای سی پی نے سات بینکوں سے ایس ای فروٹس اور شاہین انٹرپرائزز کی برآمدات کا ریکارڈ طلب کیا ہے، جبکہ کمپنی کے اسپانسرز اور ڈائریکٹرز کے بینک کھاتوں میں موصول ہونے والی رقوم اور زرِ مبادلہ کے لین دین کی تفصیلات حاصل کرنے کے لیے 30 بینکوں سے رابطہ کیا گیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ مختلف بینکوں سے موصول ہونے والے جوابات اور دستاویزات کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ ایس ای سی پی نے 21 اکتوبر کو اس معاملے کی باضابطہ تحقیقات کا حکم دیا تھا۔

آئی پی او کے مشترکہ انتظامی اداروں، ٹاپ لائن سیکیورٹیز اور گروتھ سیکیورٹیز کی جانب سے بھی جوابات موصول ہو چکے ہیں، جن کا تجزیہ جاری ہے۔ اس کے علاوہ کنسلٹنٹ پارکر رسل اے جے ایس نے اپنا جواب جمع کرا دیا ہے، جبکہ سینٹرل ڈیپازٹری کمپنی نے مطلوبہ تمام معلومات فراہم کر دی ہیں۔

دوسری جانب آڈیٹر الیاس سعید اینڈ کمپنی کو مطلوبہ ریکارڈ جمع کرانے کے لیے مزید وقت دے دیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ ایس ای سی پی نے اکتوبر میں ایس ای فروٹس کے آئی پی او کو روکنے کی ہدایت جاری کی تھی، جس کے بعد کمپنی نے اپنی پیشکش واپس لے لی تھی۔ کمپنی کا منصوبہ تھا کہ اسٹاک ایکسچینج کے ذریعے 3 کروڑ حصص فروخت کرکے ایک ارب 92 کروڑ روپے تک سرمایہ حاصل کیا جائے۔