ہنگو میں مکان کی چھت گرنے سے چار کمسن بچیاں جاں بحق،تین افراد زخمی
حادثے میں زخمی ہونے والے دو خواتین سمیت تین افراد کو بھی طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
ہنگو میں مکان کی چھت گرنے سے چار کمسن بچیاں جاں بحق،تین افراد زخمی
ہنگو کے علاقے جدید بانڈہ میں مکان کی چھت اچانک گرنے سے چار کمسن بچیاں ملبے تلے دب کر جاں بحق جبکہ دو خواتین سمیت تین افراد زخمی ہو گئے۔ جاں بحق بچیوں کی عمریں دو سے بارہ سال کے درمیان بتائی جاتی ہیں۔
ریسکیو 1122 کے مطابق واقعہ تھانہ دوآبہ کی حدود میں پیش آیا، جہاں مکان کے ایک کمرے میں تعمیراتی کام جاری تھا۔ اس دوران نکالا جانے والا ملبہ دوسرے کمرے کی چھت پر ڈال دیا گیا، جس کے باعث چھت اضافی وزن برداشت نہ کر سکی اور اچانک منہدم ہو گئی۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔ اہلکاروں نے ملبے تلے دبنے والی چاروں بچیوں کو نکالا، تاہم وہ جانبر نہ ہو سکیں۔ حادثے میں زخمی ہونے والے دو خواتین سمیت تین افراد کو بھی طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا۔